چیمپئنز ٹرافی ہائبرڈ ماڈل پر ہو گی ، پاکستان بھی بھارت میں نہیں کھیلے گا ، بھارتی میڈیا
بھارتی کرکٹ بورڈ نے پی سی بی کا پارٹنر شپ معاہدہ قبول کر لیا ، پاکستان میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی ہائبرڈ ماڈل پر ہو گی ۔ بھارت کے میچز دبئی میں کھیلے جائیں گے ۔ بھارتی میڈیا کے مطابق دو ہزار ستائیس تک بھارت میں ہونے والے آئی سی سی ایونٹس بھی ہائبرڈ ماڈل پر کھیلے جائیں گے ۔
بھارتی میڈیا کے مطابق چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کے گروپ میچز دبئی میں کھیلے جائیں گے، بھارت کے سیمی فائنل یا فائنل میں کوالیفائی نہ کرنے کی صورت میں میچز لاہور میں ہوں گے ۔ آئندہ بھارت میں شیڈول بھارت اور پاکستان کے میچز نیوٹرل وینیو پر ہوں گے۔
کرک انفو کے مطابق آئی سی سی کے صدر جے شاہ اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی ملاقات کے بعد معاملات آگے بڑھے ۔ بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ فیصلہ دبئی میں آئی سی سی کی غیر رسمی میٹنگ میں ہوا ۔ میٹنگ میں آئی سی سی کے نئے صدر جے شاہ ، پی سی بی حکام اور بورڈ آف ڈائریکٹرز نے شرکت کی ۔
یہ بھی پڑھیں:زمبابوے نے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کو شکست دیدی، سیریز 1-2 سے گرین شرٹس کے نام
نئے ماڈل کے تحت دو ہزار ستائیس تک بھارت ویمن کرکٹ ورلڈ کپ اور دو ہزار چھبیس میں مینز ٹی 20 ورلڈ کی سری لنکا کے ساتھ میزبانی کرے گا ۔
کرک انفو کے مطابق پی سی بی نے کم از کم دو ہزار ستائیس تک بھارت میں ہونے والے آئی سی سی ایونٹس کیلیے بھی ہائبرڈ ماڈل اور مالی نقصان کی ازالے کا بھی مطالبہ کیا ۔ بھارت کے میچز دبئی یا سری لنکا میں کھیلے جائیں گے ، بھارت کے سیمی فائنل اور فائنل میں پہنچنے کی صورت میں ٹورنامنٹ کا ایک سیمی فائنل اور فائنل بھی پاکستان سے باہر کھیلا جائے گا ۔
کرک انفو کے مطابق پی سی بی نے دونوں بورڈز کو ہونے والے مالی نقصان کے ازالے کیلیے پاکستان بھارت اور کسی تیسرے ملک کے درمیان سہ ملکی سیریز کرانے کی تجویز دی ۔ پی سی بی ، بی سی سی آئی اور آئی سی سی میں ہونے والی پیشرفت پر حتمی فیصلہ سات دسمبر کو ہونے والی بورڈ میٹنگ میں ہو گا۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں