سعودی عرب سے مستقبل میں مزید سرمایہ کاری پاکستان آئے گی، پی ٹی آئی دور میں دوست ممالک کیساتھ تعلقات خراب ہوئے: عطااللہ تارڑ
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کا دورہ سعودی عرب کامیاب رہا ہے، مستقبل میں مزید سرمایہ کاری پاکستان آئے گی۔
اسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے کہاکہ کم عرصے میں پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات مضبوط ہوئے، پاک سعودی عرب سرمایہ کاری کے معاہدوں کے بعد بہت سارے منصوبے گراؤنڈ پر آچکے ہیں، جبکہ کچھ پر پیشرفت ہورہی ہے۔
وزیر اطلاعات و نشریات نے کہاکہ آنے والے دنوں میں سعودی عرب کے مزید وفود پاکستان آئیں گے، وزیراعظم 6 ماہ میں 5 بار سعودی ولی عہد سے ملے، اور گزشتہ رات کو ہونے والی ملاقات تاریخی تھی۔
عطااللہ تارڑ نے کہاکہ سعودی عرب کی حکومت سرمایہ کاری سے متعلق پاکستانی اقدامات سے مطمئن ہے، پاکستان تحریک انصاف کے دور میں دوست ممالک کے ساتھ تعلقات خراب ہوئے اور انہوں نے معیشت پر بھی توجہ نہیں دی۔
وزیر اطلاعات نے کہاکہ دنیا کے لیڈر پاکستانی معیشت کی ترقی کی تعریف کرتے ہیں، اس وقت مہنگائی 4.8 فیصد پر آچکی ہے، جو حکومت کی جانب سے کیے گئے اقدامات کا ثبوت ہے۔ سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان پاکستانی قیادت کے حوالے سے بہت اچھے تاثرات رکھتے ہیں۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں