جاپانی وفد کی وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین سے ملاقات، دو طرفہ تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال

جاپان پاکستان انوویشن انسٹی ٹیوٹ (JPII) کے اعلیٰ سطحی جاپانی وفد نے وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین سے ملاقات کی، جس میں دو طرفہ تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس وفد میں JPII کے چیئرمین مٹسورو کیوچی، صدر بلال بھنڈر، سربراہ پاکستان JPII طارق چیمہ، وائس چیئرمین کاتسوماتا ٹومومی، ڈائریکٹر ساواکی یوتارو اور دیگر اہم شخصیات شامل تھیں۔

وفاقی وزیر نے جاپان میں روزگار کے خواہشمند پاکستانیوں کے لیے ہنر مندی اور سرٹیفیکیشن کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے مالی امداد کی بجائے تکنیکی معاونت کی ضرورت پر بات کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں رجسٹرڈ جاپانی اداروں کو تربیتی کورسز کی اہمیت پر توجہ دینی چاہیے اور پاکستانی ورکرز اور جاپانی کمپنیوں کے درمیان براہ راست روابط کو بڑھانا چاہیے۔

چوہدری سالک حسین نے جاپان کے وسیع روزگار کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے پاکستان کے تعلیمی و تربیتی معیار کو بڑھانے اور تکنیکی مسائل کو حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے ٹوکیو میں موجود خصوصی کورسز کے ماڈل کو پاکستان میں نافذ کرنے کا بھی عندیہ دیا۔
ملاقات کے اختتام پر جاپان نے 2025 کے تعاون کے لیے بزنس ماڈل کی درخواست کی، جس پر وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان جاپان کے ساتھ ایکسی لینس سینٹر کے قیام کے لیے کوشش کر رہا ہے، جو دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا۔

یہ ملاقات پاکستان اور جاپان کے درمیان اقتصادی ترقی، علم کے تبادلے اور لوگوں کے درمیان تعاون کو مزید مستحکم کرنے کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہو گی۔

 

 

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے