برازیل میں صدر اور نائب صدر کے قتل کا منصوبہ بنانے والے گرفتار
خبر ایجنسی کے مطابق برازیل کے صدر اور نائب صدر کے قتل کی سازش کے شعبے میں پولیس نے سابق صدر بولسونارو کے قریبی ساتھی سمیت پانچ افراد کو گرفتار کر لیا ۔ پولیس کے مطابق یہ افراد 2022 میں صدر لوئز اناسیو لولا دا سلوا اور ان کے نائب صدر جنرل گیرالڈو الکمن کو حلف اٹھانے سے پہلے قتل کی سازش میں ملوث ہونے کے شبے میں گرفتار کیے گئے ۔ پولیس کے مطابق یہ گرفتاریاں اس تحقیقات کے دوران پہلی بار ہوئی ہیں جس میں لولا اور الکمن کو قتل کرنے کی سازش کی تفصیلات سامنے آئی ہیں۔پولیس کے مطابق زیادہ تر مشتبہ افراد اسپیشل فورسز کے تربیت یاقتہ فوجی اہلکار ہیں۔
پولیس نے بتایا کہ گرفتار ہونے والوں میں ریٹائرڈ بریگیڈیئر جنرل ماریو فرنانڈس بھی شامل ہیں، جو سابق صدر بولسونارو کے ایگزیکٹو سیکرٹری کے طور پر کام کر چکے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ فرنانڈس کے پاس گرین اینڈ یلو ڈاگر نامی ایک آپریشنل پلان موجود تھا، جس کا مقصد لولا اور الکمن کے قتل کی کوشش کرنا تھا اور یہ منصوبہ 15 دسمبر 2022 کو عمل میں لایا جانا تھا۔پولیس نے بتایا کہ تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ مشتبہ افراد کامیاب بغاوت کی صورت میں پیدا ہونے والے مسائل کو حل کرنے کیلیے ایک دفتر بنانے کا بھی پلان بنایا تھا۔ پولیس کے مطابق ان کا منصوبہ تھا کہ اگر بغاوت کامیاب ہو گئی تو ایک سپریم کورٹ جج کو اغوا کرکے قتل کیا جائے گا ، لیکن پولیس نے جج کا نام ظاہر نہیں کیا۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں