روس نے تاریخ رقم کردی، دنیا کی پہلی خاتون نیوکلیئر آئس بریکر کپتان کا تقرر

روس نے تاریخ رقم کرتے ہوئے دنیا کی پہلی خاتون کو نیوکلیئر پاورڈ آئس بریکر جہاز کی کپتان مقرر کر دیا ہے۔ روسی نیوکلیئر آئس بریکر فلیٹ کے آپریٹر Atomflot نے بدھ کے روز اعلان کیا کہ مارینا اسٹارووائتووا آئس بریکر یامال کی نئی کپتان ہوں گی۔

کپتان کا اعزاز ملنے کے بعد اسٹارووائتووا نے کہا کہ کپتان کی ذمہ داری جہاز اور اس کے عملے کی دیکھ بھال ہے۔ میں روزانہ پوری لگن سے یہ فریضہ ادا کروں گی اور اپنے ساتھیوں کے اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کروں گی۔

اس سے قبل وہ اسی جہاز پر چیف میٹ (سیکنڈ ان کمانڈ) کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہی تھیں۔دلچسپ امر یہ ہے کہ سمندری کیریئر شروع کرنے سے قبل اسٹارووائتووا مغربی روس کے ایک دیہی سکول میں روسی زبان و ادب پڑھاتی تھیں۔

بعدازاں انہوں نے شپ نیویگیشن کی سند حاصل کی اور 2 دہائیوں سے زیادہ کا تجربہ تجارتی جہازوں اور آئس بریکرز پر حاصل کیا۔فی الحال دنیا میں صرف روس ہی نیوکلیئر آئس بریکر فلیٹ کا مالک ہے۔ پگھلتی ہوئی برف کے باعث آرکٹک میں تجارتی جہاز رانی کے مواقع بڑھنے سے ان جہازوں کی اہمیت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ گزشتہ سال روس نے اپنے بیڑے میں ایک نیا آئس بریکر شامل کیا تھا۔

یامال آئس بریکر 2 نیوکلیئر ری ایکٹرز سے لیس ہے اور اسے آرکٹک مہمات میں نمایاں حیثیت حاصل ہے۔ 2000 میں اس نے قطب شمالی تک کامیاب سفر کیا تھا۔ جہاز کے ہل پر پینٹ کی گئی شارک کے جبڑے کی تصویر اسے بہ آسانی پہچاننے کے قابل بناتی ہے۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے