بھارت کی پدم شری ایوارڈ یافتہ سابق تیراک بولا چودھری کے تمغے اور اعزازات چوری

بھارت کی نامور سابق تیراک اور پدم شری ایوارڈ یافتہ بولا چودھری کے آبائی گھر سے ان کی زندگی بھر کی کمائی سمجھے جانے والے تمغے اور یادگاریں چوری کرلی گئیں۔ بولا چودھری کا کہنا ہے کہ یہ ان کے ہوڑہ ضلع کے ہنڈ موٹر میں واقع مکان میں تیسری بڑی چوری ہے۔

بولا چودھری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چور سب کچھ لے گئے جو میں نے اپنی محنت اور لگن سے پوری زندگی میں کمایا۔ میرے 6 ساؤتھ ایشین گیمز کے طلائی تمغے اور پدم شری کا بروچ بھی چرا لیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ چوروں نے تمام یادگار اشیا بھی چرا لیں تاہم ارجنا ایوارڈ اور تنزنگ نورگے میڈلز چھوڑ گئے، غالباً ان کی پہچان نہ ہونے کی وجہ سے۔

بولا چودھری اس وقت اپنے خاندان کے ساتھ کلکتہ کے کاسبا علاقے میں مقیم ہیں جبکہ ان کے آبائی مکان کی دیکھ بھال ان کے بھائی ملن چودھری کرتے ہیں۔ واقعہ یوم آزادی کے موقع پر پیش آیا جب ملن گھر کی صفائی کے لیے پہنچے تو پچھلا دروازہ ٹوٹا اور کمرے اجڑے ہوئے پائے۔

بولا چودھری نے الزام لگایا کہ اس سے قبل بھی دو بار چوری ہوچکی ہے اور پولیس کو شکایت درج کروائی گئی تھی مگر کوئی مؤثر کارروائی نہیں ہوئی۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ یہ لوگ تمغے کیوں چرا رہے ہیں؟ انہیں اس سے پیسے تو نہیں ملیں گے۔ یہ میری زندگی کا سرمایہ اور میرے کیریئر کا حاصل ہیں۔ میرا گھر ہمیشہ اس لیے نشانہ بنتا ہے کیونکہ وہ اکثر خالی رہتا ہے۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے