ٹرمپ کی ناراضی کے بعد، مودی کے اعلیٰ مشیر اہم دورہ پر روس پہنچ گئے
بھارت کے قومی سلامتی کے مشیر اجیت دوول اہم دورے پر ماسکو پہنچ گئے ہیں ، جہاں وہ دفاع اور سلامتی سے متعلق امور پر بات چیت کریں گے۔
اجیت دوول روسی حکام کے ساتھ اعلیٰ سطح کی ملاقاتیں کریں گے اور امکان ہے کہ وہ روس سے مزید ایس 400 فضائی دفاعی میزائل سسٹمز کی خریداری پر بھی بات چیت کریں گے۔
بھارت کے پاس اس وقت 3 ایس 400 سسٹمز موجود ہیں، جو 5 یونٹس کے ایک بڑے معاہدے کا حصہ ہیں، ان سسٹمز کو مئی میں پاکستان کے ساتھ مختصر فوجی کشیدگی کے دوران استعمال کیا گیا تھا۔
اگرچہ یہ دورہ پہلے سے طے شدہ تھا، لیکن اس کی اہمیت اس وقت اور بڑھ گئی جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت کی جانب سے روسی تیل کی درآمد پر تنقید کی۔
ٹرمپ نے پیر کو اپنی سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر کہا تھا کہ بھارت نہ صرف روسی تیل کی بڑی مقدار خرید رہا ہے بلکہ اس کا ایک بڑا حصہ عالمی منڈی میں منافع کے لیے فروخت بھی کر رہا ہے۔ انہیں پروا نہیں کہ روسی جنگی مشین یوکرین میں کتنے لوگوں کو مار رہی ہے۔
❗️🇮🇳🇷🇺 Doval to Visit Russia IMMINENTLY Amid Oil Threats from Trump
Indian NSA Ajit Doval is expected to drop in on Moscow this week to strengthen defence & energy ties. (TOI) pic.twitter.com/Iyq6fdJO1t
— RT_India (@RT_India_news) August 5, 2025
بھارت نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ نے خود یوکرین جنگ کے آغاز پر بھارت کو روسی تیل خریدنے کی حوصلہ افزائی کی تاکہ عالمی توانائی منڈی کو مستحکم رکھا جا سکے۔
بھارتی وزارتِ خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے اسی روز ایک بیان میں کہا تھا کہ بھارت، ایک بڑی معیشت ہونے کے ناطے، اپنی قومی سلامتی اور معاشی مفادات کے تحفظ کے لیے ہر ضروری اقدام کرے گا، بھارت کو نشانہ بنانا غیرمنصفانہ اور بلاجواز ہے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں