مودی کی لوک سبھا میں ’آپریشن سندور‘ پر تقریر جھوٹ کا پلندہ قرار،عالمی میڈیا

بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی نے لوک سبھا میں خطاب کرتے ہوئے ’آپریشن سندور‘ کی ناکامی کو چھپانے کی ناکام کوشش کی اور عالمی سطح پر تسلیم شدہ حقائق کو یکسر مسترد کرتے ہوئے جھوٹے دعووں کا سہارا لیا۔

مودی کا کہنا تھا کہ دنیا کے کسی بھی رہنما نے بھارت سے آپریشن روکنے کا مطالبہ نہیں کیا، جبکہ امریکی نائب صدر نے 9 مئی کی رات انہیں بار بار خبردار کیا کہ پاکستان کی جانب سے بڑا حملہ ہو سکتا ہے۔ مودی نے دعویٰ کیا کہ بھارت نے اس خطرے کے پیشِ نظر پاکستان کی طاقت تباہ کر دی اور آئندہ بھی بھارت کا جواب غیر متوقع ہوگا۔

مودی نے نہ صرف یہ دعویٰ کیا کہ آپریشن اب بھی جاری ہے بلکہ پاکستان کو دھمکی دی کہ اگر دوبارہ ایسی غلطی ہوئی تو بھارت کسی حد تک جا سکتا ہے۔

تاہم عالمی حقائق ان بیانات کی نفی کرتے ہیں۔ امریکی میڈیا، بشمول واشنگٹن پوسٹ اور نیویارک ٹائمز، کے مطابق پاکستان نے بھارت کی جارحیت کا مؤثر جواب دے کر ان کے جنگی طیارے ان ہی کی حدود میں مار گرائے۔ بی بی سی کے ریجنل ایڈیٹر اینبرسن اتھر جان نے بھی پاکستان کی دفاعی برتری اور بھارت کی عسکری کمزوری کو تسلیم کیا۔

بھارتی فضائیہ کے افسر ونگ کمانڈر ویومیکا سنگھ کے مطابق اودھم پور، آدم پور، بھج اور پٹھان کوٹ ایئربیسز کو پاکستانی کارروائی میں شدید نقصان پہنچا، جبکہ بھارت کی جانب سے کرنل صوفیہ کے ذریعے جنگ بندی کا اعلان کر دیا گیا تھا۔

سی این این اور دی ڈپلومیٹ سمیت دیگر بین الاقوامی ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی کہ امریکی صدر نے 29 سے زائد بار مداخلت کرکے کشیدگی ختم کرانے میں کردار ادا کیا اور پاکستان کی سفارتی کوششوں کو مؤثر قرار دیا۔

تجزیہ کاروں کے مطابق مودی کی حالیہ تقریر نہ صرف زمینی حقائق سے انکار ہے بلکہ خطے کے امن کو مزید داؤ پر لگانے کے مترادف بھی ہے۔ بھارت کی اربوں ڈالر کی عسکری سرمایہ کاری کے باوجود ناکامی نے مودی حکومت کے بیانیے کو کمزور کردیا ہے، جسے اب دھمکیوں اور جھوٹے دعوؤں سے سہارا دینے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے