اسرائیلی فوج کے غزہ پر حملے جاری، امداد کے منتظر 37 افراد سمیت مزید 104 فلسطینی شہید
غزہ میں اسرائیلی فوج کی جارحیت نہ تھم سکی، قابض فوج نے آج مختلف علاقوں پر فضائی حملے کرکے مزید 104 فلسطینیوں کو شہید کردیا۔
اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والوں میں 37 افراد رفح میں امدادی خوراک کے مراکز کے قریب جمع تھے۔اسرائیلی فوج کے حملوں میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 58 ہزار 700 سے زائد ہوگئی جبکہ ایک لاکھ 40 ہزار سے زائد فلسطینی زخمی ہیں جن میں بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔
اقوام متحدہ کے ادارے ورلڈ فوڈ پروگرام ( ڈبلیو ایف پی) نے بتایا کہ غزہ میں خوراک کی شدید قلت ہے اور ہر 3 میں سے ایک شخص کئی روز سےکھانے سے محروم ہے۔
اقوام متحدہ کے ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی (اونروا) نے کہا ہے کہ اُن کے پاس غزہ کی آبادی کے لیے خوراک موجود ہے تاہم اسرائیلی ناکہ بندی کی وجہ سے وہ امدادی سامان مصر کے راستے غزہ پہنچانے سے قاصر ہے۔
ادھر حماس نے کہا ہے کہ اس نے ایک جنگ بندی معاہدے کی پیشکش کی تھی جس کے تحت تمام یرغمالیوں کی رہائی ممکن تھی تاہم اسرائیل نے یہ تجویز مسترد کردی۔ حماس کا کہنا ہے کہ اگر معاہدہ نہ ہوا تو وہ طویل جنگ کے لیے تیار ہے۔
دوسری جانب برطانیہ میں فلسطین ایکشن گروپ کے حق میں بڑا مظاہرہ ہوا، لندن، ایڈن برگ، مانچسٹر، برسٹل میں ہزاروں شہری سڑکوں پر نکل آئے اور فلسطین ایکشن کا نام دہشت گروں کی فہرست سے نکالنے کا مطالبہ کیا۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں