امریکی بمباری سے فردو جوہری تنصیب کو شدید نقصان پہنچا:ایرانی وزیر خارجہ کی تصدیق
ایران نے امریکی حملوں میں جوہری تنصیبات کو شدید نقصان پہنچنے کی تصدیق کردی۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے تصدیق کی کہ امریکی بمباری سے فردو جوہری تنصیب کو شدید اور سنگین نقصان پہنچاہے۔
ایرانی وزیر خارجہ نےکہا کہ ایران کی ایٹمی توانائی تنظیم نقصان کاجائزہ اور تخمینہ لگا رہی ہے جس کے بعد نقصان کی رپورٹ حکومت کو پیش کی جائے گی۔
امریکا نے 22 جون کو ایران کے فردو، نطنز اوراصفہان میں موجود جوہری تنصیبات پر حملہ کیا تھا اور امریکی صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا تھا کہ ایران کی 3 نیوکلیئر سائٹس پر کامیاب حملہ کیا گیا ہے اور فردو ایٹمی تنصیب مکمل طور پر تباہ کردی گئی ہے۔
دوسری جانب امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ امریکی انٹیلی جنس جائزے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ایران کی 3 جوہری تنصیبات پر امریکی حملوں سے بنیادی مواد تباہ نہیں ہوا تھا۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں