پاکستان اور انڈیا کی طرح ایران اسرائیل معاہدہ کرائوں گا، ٹرمپ کا دھمکی آمیز لہجہ تبدیل
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی کرانے کااعلان کردیا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ’ایران اور اسرائیل کو ایک معاہدہ کرنا چاہیے، اور وہ یہ معاہدہ کریں گے۔‘ انھوں نے کہا کہ ’وہ ایسے معاہدے کو یقینی بنائیں گے۔‘
ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں امریکی صدر نے دنیا بھر کے ممالک کے درمیان حالیہ کشیدگی کی طرف اشارہ کیا جس کو روکنے میں انھوں نے مدد کی ہے۔
ٹرمپ نے کہا کہ یہ ویسا ہی معاہدہ ہوگا جیسا میں نے بھارت اورپاکستان کے درمیان کرایا، پاکستان اور بھارت کے معاہدے میں امریکا کےساتھ تجارت کی دلیل استعمال کی، 2 بہترین رہنماؤں سے بات کی جو فوری فیصلہ کرسکتے تھے اور سب کچھ رُک گیا۔
واضح رہے کہ امریکہ یوکرین اور روس کے ساتھ ساتھ اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کے مذاکرات میں مدد کر رہا ہے۔ تاہم دونوں جنگیں ابھی تک جاری ہیں۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ ’اب بہت سی فون کالز اور ملاقاتیں ہو رہی ہیں۔ میں بہت کچھ کرتا ہوں اور کبھی کسی چیز کا کریڈٹ نہیں لیتا، لیکن یہ ٹھیک ہے، لوگ سمجھتے ہیں (کہ میں کیا کر رہا ہوں)۔‘
ٹرمپ نے کہا کہ ’مشرق وسطی کو پھر سے عظیم بنائیں!‘
واضح رہے کہ ایران پر اسرائیلی حملے سے پہلے اور بعد میں امریکی صدر نے کئی بار ایران کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں اور دھمکی آمیز لہجے میں مذاکرات کی میز پر لانے کی کوشش کی تاہم اب اچانک امریکی صدر کے لہجے میں تبدیلی آئی ہے اور وہ ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی معاہدہ کرانے کااعلان کررہے ہیں۔
امریکی صدر کا یہ بیان ایسے موقع پر سامنے آیا جب اسرائیلی وزیراعظم نے امریکی حکومت اور عوام سے ایران کے خلاف جنگ میں مدد کی اپیل کی تھی ۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں