ایران کا بھر پور جوابی وار،اسرائیل لرز اٹھا ، دفاعی ہیڈکوارٹرزسمیت کئی عمارتیں تباہ ، 5 ہلاک 80 سے زائد زخمی

ایران نے اسرائیل پر جوابی کارروائی کرتے ہوئے تل ابیب سمیت مختلف شہروں میں میزائل حملے کئے ہیں جن کے نتیجے میں اسرائیل کی کئی عمارتیں تباہ ہوگئیں جب کہ خاتون سمیت 5 اسرائیلی شہری ہلاک اور 80 سے زائد زخمی ہونے کی بھی تصدیق ہوچکی ہے ۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق ایران کی جانب سے اسرائیل پر حملوں کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک 150 سے زائد ہائیپر سانک اور بیلسٹک میزائلوں سے حملہ کیا گیا ہے۔ تل ابیب میں اسرائیلی جوہری تحقیقی مرکز اور اسرائیلی ڈیفنس فورسز کے ہیڈکوارٹرز پر بھی میزائل حملہ کیا گیا۔

ٹائمز آف اسرائیل کی رپورٹ کے مطابق ایران کے حملوں میں تقریباً 80 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے، جن میں سے ایک خاتون سمیت 5 افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہو گئے، باقی افراد کو معمولی سے درمیانے درجے کے زخم آئے یا انہیں شدید ذہنی دباؤ کا سامنا کرنا پڑا، درجنوں افراد تاحال زیر علاج ہیں، جب کہ کچھ زخمیوں کو گھر بھیج دیا گیا ہے۔

ایرانی میڈیا کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ حملوں میں اشددود، تل ابیب، حیفہ اور بیرشیبا میں اسٹریٹیجک اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ کئی میزائل وسطی اسرائیل میں گرے، جن میں تل ابیب کے علاقے میں بڑے دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں اور کئی مقامات پر دھواں اٹھتا دیکھا گیا۔

ایرانی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ کئی میزائل اور ڈرون تل ابیب تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے جب کہ میزائل حملے آغاز ہیں، اسرائیل کا کوئی حصہ بھی محفوظ نہیں رہے گا۔

اس سے قبل، ایران نے ہفتہ کی علی الصبح اسرائیل پر چوتھا حملہ کیا جس میں ایک میزائل تل ابیب کے عین وسط میں ہدف پر آکر گرا، تاہم اسرائیل نے ایران کی جانب سے داغے گئے زیادہ تر میزائل دفاعی نظام کے ذریعے فضا ہی میں تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ۔

ایران کے میزائل حملے میں تل ابیب میں تباہ ہونے والی عمارت (فوٹو اے پی )

 

اسرائیلی میڈیا کے مطابق ایران کی جانب سے داغے گئے میزائل تل ابیب میں گرے ہیں۔ اس  حملے میں تل ابیب میں 50 منزلہ عمارت کو نقصان پہنچا جب کہ اسرائیلی حکام نے شہریوں کو دوبارہ بنکرز میں جانے کی ہدایت کردی۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ نے ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ اسرائیل کے ایران پر اب تک کے سب سے بڑے حملوں کے بدلے میں سیکڑوں بیلسٹک میزائل داغے گئے ہیں۔

امریکی نشریاتی ادارے سی این این کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی پولیس ترجمان نے کہا ہے کہ ایرانی میزائل تل ابیب کے اندر ایک کمیونٹی پر گرا ہے، لیکن تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے