ٹرمپ نے امریکا اور چین کے درمیان تجارتی معاہدہ طے پانے کا اعلان کردیا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ چین اور امریکا کے درمیان تجارتی معاہدہ طے پاگیا۔ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں معاہدے کی کچھ ابتدائی تفصیلات بھی بیان کیں۔

ٹرمپ نے کہا کہ چین کے ساتھ ہمارا معاہدہ طے پاگیا ہے جس کی حتمی منظوری ان کی اور چینی صدر کی جانب سے دی جائے گی۔امریکا کو جتنے بھی معدنیات درکار ہوں گے وہ چین کی طرف سے فوری طور پر فراہم کیے جائیں گے، اسی طرح امریکاچین کو وہ سب فراہم کرے گا جس پر اتفاق ہوا ہے اور اس میں امریکی کالجوں اور یونیورسٹیوں میں چینی طلبہ کی تعلیم بھی شامل ہے۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ معاہدے کے تحت امریکا کو کُل 55 فیصد ٹیرف مل رہا ہے جبکہ چین کو 10 فیصد ٹیرف حاصل ہوگا۔امریکی صدر نے ایک اور پوسٹ میں لکھا کہ چینی صدر شی اور وہ مل کر چین کے لیے امریکی برآمدات بڑھانے پر کام کریں گے اور یہ دونوں ممالک کے لیے ایک بڑی کامیابی ہوگی۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق اس معاہدے کی مزید تفصیلات واضح نہیں ہوسکیں جبکہ چین کی وزارتِ تجارت نے بھی فوری طور پر اس پر کوئی تبصرہ یا مزید معلومات فراہم نہیں کیں۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے