سرنڈر مودی سرکار‘ بھارت کی عسکری اور سفارتی ساکھ کو نقصان پہنچا رہی ہے، راہول
کانگریس کے مرکزی رہنما راہول گاندھی نے نریندر مودی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’سرنڈر مودی سرکار‘ کی سرنڈر پالیسی بھارت کی عسکری اور سفارتی ساکھ کو مسلسل نقصان پہنچا رہی ہے۔ موجودہ حکومت بین الاقوامی سطح پر بھارت کو کمزور اور غیر معتبر بنا رہی ہے۔
راہول گاندھی کا کہنا تھا کہ بھارت کی عسکری حکمت عملی مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے اور حکومت ہر اہم موقع پر جھکنے اور پسپا ہونے کی روش اختیار کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بی جے پی اور آر ایس ایس پر ذرا سا دباؤ ڈال دیا جائے تو یہ ڈر کے بھاگ جاتے ہیں، مودی سرکار ’سرنڈر والی چٹھی‘ لکھنے کی عادی ہے۔
راہول گاندھی نے مزید کہا کہ ماضی میں صرف ایک فون کال پر وزیر اعظم مودی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ہدایات کو تسلیم کرلیا تھا، ٹرمپ کے فون پر ’نریندر سرنڈر‘ نے فوراً ہتھیار ڈال دیے تھے۔مودی حکومت سپر پاورز کے اشاروں پر سر جھکاتی ہے، جس سے بھارت کی خودمختاری اور وقار کو شدید دھچکا لگا ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر یہی طرزِ حکمرانی جاری رہی تو بھارت کی دفاعی اور سفارتی خودمختاری مکمل طور پر زائل ہو جائے گی۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں