شیخ ڈاکٹر صالح بن عبداللہ بن حمید رواں برس یوم عرفہ کا خطبہ دیں گے
مکہ مکرمہ: خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی منظوری سے رواں سال حج کے موقع پر یوم عرفہ کا خطبہ مسجد الحرام کے امام و خطیب شیخ ڈاکٹر صالح بن عبداللہ بن حمید دیں گے۔ اس بات کا اعلان حرمین شریفین کی انتظامیہ کی جانب سے کیا گیا ہے۔
انتظامیہ کے مطابق، شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے باضابطہ منظوری کے بعد شیخ صالح بن حمید کو یوم عرفہ کے خطبے کی ذمہ داری تفویض کی گئی ہے۔ یہ خطبہ حسب روایت میدان عرفات میں واقع مسجد نمرہ سے دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ مسجد نمرہ میں سب سے زیادہ بار یوم عرفہ کا خطبہ دینے کا اعزاز سعودی عرب کے مفتی اعظم شیخ عبدالعزیز آل الشیخ کو حاصل ہے، جنہوں نے اب تک 34 مرتبہ یہ عظیم الشان خطبہ دیا ہے۔ اس فہرست میں دوسرے نمبر پر شیخ عبداللہ بن حسن آل الشیخ ہیں، جنہوں نے مسلسل 25 سال تک یہ خطبہ دیا۔
گزشتہ برس (2024) یوم عرفہ کا خطبہ شیخ ماہر المعیقلی نے دیا تھا۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں