جرمنی میں کار حملہ 5 ہلاک : اسلام مخالف سعودی شہری کے خلاف تحقیقات
جرمن حکام نے میگڈیبرگ کے کرسمس بازار پر ہونے والے کار حملے میں ملوث ہونے کے شبہے میں ایک سعودی شہری کے خلاف تحقیقات کا آغاز کیا ہے۔ جمعے کی شام پیش آنے والے واقعے میں پانچ افراد ہلاک اور 200 سے زائد زخمی ہوئے ، جن میں سے 40 کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
فرانس کے ٹی وی چینل فرانس 24 کے مطابق جرمنی کرسمس بازار پر حملے کے مشتبہ سعودی شخص کو جرمن حکام نے اسلام مخالف قرار دیا ۔ جرمنی کی وزیر داخلہ نے تصدیق کی کہ میگڈیبرگ کرسمس بازار پر کار حملے کا مشتبہ سعودی ڈاکٹر مبینہ طور پراسلام مخالف نظریات رکھتا تھا۔ گرفتار پچاس سالہ ڈاکٹر نے جرمن حکام پر الزام عائد کیا کہ وہ یورپ کے اسلامائزیشن کے خلاف اقدامات کرنے میں ناکام رہے ہیں۔جرمنی کی وزیر داخلہ نینسی فیسر نے کہا کہ حملہ آور کے اسلام مخالف جذبات واضح ہیں ، لیکن انہوں نے مزید تبصرہ کرنے سے گریز کیا ۔ حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات جاری ہیں اور تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:اسرائیل کے غزہ پر حملے جنگ نہیں ظلم ہے، پاپ فرانسس
جرمنی کے داخلی اور خارجی انٹیلیجنس ادارے اس کیس پر تبصرہ کرنے سے گریز کر رہے ہیںجرمن میڈیا کے مطابق حملہ آور50 سالہ سعودی ڈاکٹر کی شناخت طالب اے کے نام سے ہوئی ۔ حملہ آور کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا تھا ۔ حملہ آور تقریباً دو دہائیوں سے جرمنی میں مقیم تھا اور ایک نفسیاتی کلینک میں کام کرتا تھا لیکن اکتوبر سے رخصت پر تھا۔حملہ آور کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اسلام مخالف پوسٹس نمایاں تھیں ۔

حملے کے بعد ٹویٹر نے حملہ آور کا اکاؤنٹ ڈیلیٹ کر دیا ۔ طالب اے کی پوسٹس میں دائیں بازو کی جماعتوں ، خاص طور پر آلٹرنیٹو فار جرمنی (AfD)کی حمایت میں پوسٹس بھی نمایاں تھیں ۔ آلٹرنیٹو فار جرمنی (AfD) تارکین وطن کے خلاف سخت موقف کے لیے جانی جاتی ہے۔ سعودی حکام نے حملہ آور کے خیالات اور انتہاپسندانہ پوسٹس کے بارے میں جرمن حکام کو متعدد بار خبردار کیا تھا، لیکن جرمن حکام کے مطابق 2022 میں کیے گئے ایک خطرے کے تجزیے میں انہیں کسی مخصوص خطرے کے طور پر شناخت نہیں کیا گیا۔جرمن چانسلر اولاف شولز نے کہا کہ بے دردی سے لوگوں کو ہلاک اور زخمی کیا گیا ۔ یہ ایک نہایت افسوسناک واقعہ ہے ۔

انہوں نے قوم سے نفرت کے خلاف کھڑے ہونے کی اپیل کی ۔ سانحے سے جرمن شہری غمزدہ ہیں اور سیاست میں ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔آلٹرنیٹو فار جرمنی نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کرسمس کے پرامن موقع پر میگڈیبرگ کے کرسمس بازار پر ہونے والے حملے نے ہمیں ہلا کر رکھ دیا ہے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں