غزہ کی صورتحال پر انسانیت اور عالمی نظام دونوں ناکام ہیں : ترک صدر
ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ انسانیت اور عالمی نظام، دونوں ہی غزہ کے مسئلے میں ناکام ہو چکے ہیں۔ غزہ میں جنگ بندی کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ترکیہ شروع سے ہی غزہ جنگ کے خاتمے اور امن کے قیام کی کوششوں میں مصروف ہے۔
استنبول میں ٹی آر ٹی ورلڈ فورم سے خطاب کرتے ہوئے ترک صدر اردوان نے کہا کہ غزہ میں نہ صرف انسانی اقدار بلکہ اقوام متحدہ سمیت عالمی نظام کے اعتبار کا بھی امتحان ہوا، لیکن دونوں ہی اس میں کامیاب نہیں ہو سکے۔ مغربی ممالک پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہولوکاسٹ کے جرم کے بوجھ کی وجہ سے اسرائیل پر تنقید سے گریز کیا گیا ، جس کی بدولت غزہ میں نسل کشی کی اجازت دی گئی۔
ترک صدر نے سوال اٹھایا کہ کیا ہم اسرائیلی جارحیت کے سامنے یہ کہہ سکتے ہیں کہ یہ ہمارا مسئلہ نہیں؟ یہ جارحیت نہ صرف اسرائیل کے شہریوں بلکہ خطے میں رہنے والے ہر فرد کے لیے خطرہ بن چکی ہے۔
رجب طیب اردوان نے امن کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جب امن ممکن ہے، تو یہ خونریزی، تنازع، اور جنگ کیوں؟ اگر آج ہم نے اقدام نہیں کیا، تو کب کریں گے؟ انہوں نے غزہ ، فلسطین اور لبنان کے مظلوموں کے درد کو اپنا قرار دیا اور کہا کہ ظلم کو قبول کرنا بذات خود ظلم ہے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں