کم جونگ ان کا امریکا پر کشیدگی بڑھانے کا الزام:ایٹمی جنگ کی دھمکی
شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان نے امریکا پر تناؤ اور اشتعال انگیزی میں اضافے کا الزام عائد کر دیا ۔ انہوں نے کہا کہ جزیرہ نما کوریا اس وقت جوہری جنگ کے خطرات کی بلند ترین سطح سے دوچار ہے ۔
کم جونگ ان نے یہ بیان جمعرات کو پیانگ یانگ میں منعقدہ ایک دفاعی نمائش کے دوران دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ واشنگٹن کے ساتھ ماضی کے مذاکرات نے صرف امریکا کی جارحانہ اور دشمنی پر مبنی پالیسی کو واضح کیا ہے۔
کم نے اپنے خطاب میں کہا کہ شمالی کوریا کو اپنے ہتھیاروں کو جدید ترین بنانے کی ضرورت ہے اور دفاعی صلاحیتوں کو مسلسل بہتر بنایا جائے گا تاکہ ملک کی اسٹریٹجک پوزیشن کو مضبوط کیا جا سکے ۔
اس تقریب میں شمالی کوریا کے اسٹریٹجک اور ٹیکٹیکل ہتھیار بھی پیش کیے گئے۔انہوں نے امریکا کے ساتھ ماضی کے مذاکرات کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ 2018 اور 2019 میں ڈونلڈ ٹرمپ کے دور صدارت میں سنگاپور ، ہنوئی اور کورین سرحد پر ہونے والی تین تاریخی ملاقاتیں کسی ٹھوس نتیجے پر نہ پہنچیں ۔
یہ بیان ایسے وقت میں آیا ہے جب پیانگ یانگ اور ماسکو کے درمیان بڑھتے ہوئے فوجی تعاون پر بین الاقوامی سطح پر سخت تنقید ہو رہی ہے۔ اطلاعات کے مطابق شمالی کوریا نے یوکرین کے خلاف جنگ میں روس کی مدد کے لیے 10,000 سے زائد فوجی بھیجے ہیں۔
جنگی تاریخ میں پہلی بار، روس کا یوکرین پر بین البراعظمی بیلسٹک میزائل حملہ
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں