برلن کےقریب ٹیسلا کے توسیعی منصوبے کے خلاف مظاہرین کیخلاف پولیس کا کریک ڈاؤن

جرمنی کے دارالحکومت برلن کے قریب ٹیسلا کے پلانٹ کی توسیع کے خلاف مظاہرین نے جنگل میں درختوں پر اپنے کیمپ قائم کیے ۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ فیکٹری کی دوگنی توسیع سے ماحولیات کو نقصان پہنچے گا۔ پولیس نے جنگل میں قائم کیمپ خالی کرانا شروع کر دئیے ہیں ۔

امریکی الیکٹرک کار ساز کمپنی ٹیسلا کی یورپ میں واحد گیگا فیکٹری میں تقریباً 12,000 افراد کام کرتے ہیں۔ پولیس کے مطابق، مظاہرین کی جانب سے فیکٹری کے خلاف مظاہرے کے دوران کئی مرتبہ قانون کی خلاف ورزی اور مزاحمت کی گئی، جس سے ٹیسلا کے مقام کی حفاظت خطرے میں پڑ گئی تھی۔پولیس کی جانب سے کیمپ خالی کرانے کے اعلان کے بعد بعض مظاہرین خود ہی علاقہ چھوڑ گئے، تاہم حکام کے مطابق کچھ افراد بعد میں بھی درختوں اور رسیوں سے بنے ڈھانچوں میں موجود تھے جس کی وجہ سے آپریشن کیا گیا ۔

احتجاج کی قیادت کرنے والے گروپ ڈسٹرپٹ ٹیسلا نے مسک کے ہی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر عوام سے ٹیسلا اور ایلون مسک کی وجہ سے جنگلات اور پانی کی تباہی کے خلاف مظاہرے کی اپیل کی تھی ۔ مظاہرین نے ماضی میں بھی اس علاقے میں قریبی موٹروے کو بند کرنے اور ریلوے لائنز پر بیٹھ کر ٹریفک بند کی تھی ۔ ٹیسلا نے اس معاملے پر تبصرہ کرنے کے لیے رائٹرز کی درخواست کا جواب نہیں دیا۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے