27 اکتوبر یوم سیاہ: کشمیری برسلز میں بھارتی سفارتخانے کے باہر احتجاج کریں گے
برسلز: 27 اکتوبر بروز اتوار کشمیر پر بھارتی قبضے کے دن (یوم سیاہ) کے موقع پر بلجیم کے دارالحکومت برسلز میں دن دو بجے بھارتی سفارت خانے کے سامنے پرامن احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔مظاہرہ جس کا اہتمام کشمیر کونسل ای یو کررہی ہے، میں بڑی تعداد میں کشمیریوں، پاکستانیوں اور کشمیریوں کے دیگر ہمدردوں اور انسانی حقوق کی مختلف تنظیموں کے نمائندوں کی شرکت متوقع ہے۔
مظاہرے کے انتظامات کے لیے کشمیرکونسل ای یو کے ساتھ دیگر کشمیری تنظیمیں بھی تعاون کررہی ہیں۔کشمیرکونسل ای یو کے چیئرمین علی رضاسید نے اپنے ایک بیان میں کہاہے کہ پچھلی ساڑھے سات دہائیوں سے زائد عرصے سے بھارت نے جموں و کشمیر کے بڑے علاقے پر قبضہ کر رکھا ہے لیکن انتہائی افسوس کی بات ہے کہ اقوام عالم بھارت کے اس غاصبانہ قبضے اور کشمیریوں کے خلاف اس جارحانہ و ظالمانہ بھارتی رویئے پر خاموش ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ہم احتجاج کرکے ایک طرف عالمی برادری سے کہنا چاہتا ہے کہ وہ اپنی خاموشی توڑ کر کشمیر پر بھارتی قبضہ ختم کرائے اور کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلوانے میں ان کی مدد کرے۔دوسری طرف ہم بھارتی حکومت کو یہ پیغام دیناچاہتے ہیں کہ کشمیری بھارت کا غیرقانونی قبضہ ہرگز تسلیم نہیں کرتے۔ کشمیری قوم اپنے مستقبل کا آزادانہ ماحول میں فیصلہ کرناچاہتی ہے۔ افسوس سے کہناپڑتاہے کہ بھارت دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کا دعویدار ہے
لیکن وہ کشمیریوں کے حقوق دبارہاہے اور مقبوضہ وادی میں بے گناہ لوگوں کوقتل کررہاہے۔ روزانہ کی بنیادوں پر بھارت کے ریاستی ادارے انھیں کچلنے پر لگے ہوئے ہیں۔ مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں ظلم و ستم، تشدد، خوف و ہراس روزہ مرہ کا معمول ہے۔بھارت جموں و کشمیر میں مظالم بند کرے، بلاتاخیر اپنی فوجیں جموں و کشمیر سے نکالے اور کشمیریوں کو آزد ماحول فراہم کیا جائے۔
عالمی برادری کشمیریوں پر بھارتی مظالم بند کروائے اور مسئلہ کشمیر کا پرامن تلاش کرے، جو کشمیریوں کا دیرینہ مطالبہ ہے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں