امریکا: سکھ رہنما کے قتل کی سازش ، بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے اہلکار پر فرد جرم عائد
امریکی محکمہ انصاف نے سکھ فار جسٹس کے کونسل گرپتونت سنگھ پنوں کو قتل کرنے کی سازش کے الزام میں بھارت کی خفیہ ایجنسی را کے اہلکار وکاش یادو پر فرد جرم عائد کردی۔
اس حوالے سے ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کرسٹوفر رے کا کہنا تھا کہ ایک ہندوستانی سرکاری ملازم نے مبینہ طور پر ساتھی کے ہمراہ امریکی شہری کو امریکی سر زمین پر قتل کرنے کی سازش کی، وکاش یادیو کے ساتھی نکھل گُپتا کو چیک ریپلبک نے گر پتونت سنگھ پنوں کے قتل کی سازش میں ملوث ہونے پر گرفتار کر کے امریکہ کے حوالے کر دیا تھا ۔ایف بی آئی نے وکاش یادیو کومطلوب اور اشتہاری مجرم کی فہرست میں بھی شامل کر لیا ہے ۔
رپورٹس کے مطابق وکاش یا دیو نےخود کو سیکیورٹی مینجمنٹ اور انٹیلی جنس میں سینئر فلیڈ آفیسر کے طور پر ظاہر کیا تاہم درحقیقت وکاش یادیو بھارت کی خفیہ ایجنسی راکا اہلکار ہے۔
وکاش یادیو بھارتی سنٹرل ریزرو پولیس فورس جو کہ بھارت کی سب سے بڑی پیرا ملٹری فورس ہے میں بھی خدمات سر انجام دے چکا ہے اور اس نے وہاں "اسسٹنٹ کمانڈنٹ” کے طور پر 135 افراد پر مشتمل کمپنی کی کمانڈ بھی کر رکھی ہے۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ وکاش یادیو نے کاؤنٹر انٹیلی جنس، ویپن ٹریننگ ، بیٹل کرافٹ اور پیراٹروپنگ کی تربیت بھی حاصل کر رکھی ہے ۔
امریکی اعلیٰ عہدیدار کے مطابق بھارتی حکومت کے ملازم وکاش یادیو عرف امانت نے سازش کا منصوبہ بھارت میں بیٹھ کر بنایا تھا، اسی نے نکھل گپتا کو احکامات دیے تھے کہ پنوں کو قتل کرنے کے لیے اجرتی قاتل بھرتی کیا جائے۔
اس سے قبل امریکی پراسیکیوٹرز نے بھارتی شہری نکھل گپتا پر پچھلے سال نومبر میں الزام عائد کیا تھا کہ اس نے گرپتونت سنگھ پنوں کو نیویارک میں قتل کرنے کی مبینہ سازش کی تھی۔نکھل گپتا کو چیک ریپلبک میں گرفتار کرکے 14 جون کو امریکا کے حوالے کردیا گیا تھااور نکھل گپتا پر پہلے ہی فرد جرم عائد کی جاچکی ہے۔
امریکی محکمہ انصاف کی جانب سے را اہلکار پر فرد جرم عائد ہونے پر سکھ فار جسٹس کے رہنما گرپتونت سنگھ پنوں نے بھی اپنے ردعمل جاری کردیا ہے۔
اپنے ردعمل میں گرپتونت سنگھ نے کہا کہ را کے افسر یادو پر فرد جرم عائد کیا جانا اس بات کا ثبوت ہے کہ مودی سرکار امریکا کی خودمختاری کو چیلنج کرنے اور خالصتان نواز شخص کی زندگی اور آزادی کو خطرات سے دوچار کرنے کے نتائج بھگتے گی۔
پنوں نے کہا کہ اگرچہ مودی حکومت انہیں امریکا اور کینیڈا میں اپنی پراکیسز کے ذریعے قتل کرنے کی سازش جاری رکھے ہوئے ہے مگر وہ اس کی پرواہ نہ کرتے ہوئے خالصتان کیلئے ریفرنڈم کا انعقاد جاری رکھیں گے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں