رونالڈو کا ایک اور کارنامہ:کیریئر میں 900 گول کرنیوالے دنیا کے پہلے فٹبالر بن گئے
پرتگال کے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو جنہوں نے اپنے شاندار کیریئر میں کئی کارنامے سرانجام دیے، انہوں نے ایک اور اہم اعزاز اپنے نام کرلیا ہے۔
کرسٹیانو رونالڈو اپنے پروفیشنل کیریئر میں 900 گول اسکور کرنے والے دنیا کے پہلے فٹبالر بن گئے ہیں۔
رونالڈو نے یہ اعزاز جمعرات کو لزبن میں یوئیفا نیشنز لیگ کے گروپ میچ میں پرتگال کی نمائندگی کرتے ہوئے کروشیا کے خلاف گول کرکے حاصل کیا۔
پرتگال نے کروشیا کو ایک کے مقابلے میں 2 گول سے شکست دی۔
گزشتہ 2 دہائیوں سے شاندار کھیل پیش کر کے دنیائے فٹبال کی تاریخ کے کامیاب ترین فٹبالر بننے والے رونالڈو نے انٹرنیشنل اور کلب میچز میں مجموعی طور پر 900 گول مکمل کرلیے۔
رونالڈو نے پرتگال کی جانب سے کھیلتے ہوئے 131گول( جوکہ کسی بھی کھلاڑی کے سب سے زیادہ انٹرنیشنل گولز ہیں) کیے۔
کلب مقابلوں کی بات کی جائے تو 5 بار کے بیلن ڈی اوور ایوارڈ جیتنے والے رونالڈو نے مانچسٹر یونائیٹڈ کی جانب سے 145، ریال میڈرڈ سے کھیلتے ہوئے 450 اور جووینٹس کی نمائندگی کرتے ہوئے 101 گول کیے۔
اس کے علاوہ رونالڈو نے اپنے موجودہ کلب النصر کی جانب سے 68 گول کیے جبکہ لزبن کیلئے 5 گول اسکور کیے۔
کروشیا کے خلاف میچ میں کیریئر کے 900 گول کرنے کے بعد رونالڈو تھوڑے جذباتی بھی دکھائی دیے۔
میچ کے بعد امریکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرتگال کے اسٹار فٹبالرنے کہا کہ یہ میرے لیے ایک سنگ میل ہے، جس کو میں کافی عرصے سے عبور کرنا چاہتا تھا۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں