سرفراز سہ ملکی سیریز اور ایشیا کپ کیلئے اعلان کردہ قومی سکواڈ سے مطمئن

قومی ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز اور  ایشیا کپ کیلئے اعلان کردہ اسکواڈز کی مکمل حمایت کرتے ہوئے ٹیم کی  اچھی کارکردگی کی امید ظاہر کردی۔

کراچی میں ایک نجی تقریب کے دوران صحافیوں سے کی گئی گفتگو میں سرفراز احمد نے کہا کہ‘ سہہ ملکی سیریز اور ایشیا کپ کیلئے نئے کھلاڑیوں کو موقع ملنے کی خوشی ہے، امید کرتا ہوں ان فیصلوں سے  ایک نئی ٹیم سامنے آئےگی‘۔

 سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ایشیا کپ اور سہہ ملکی سیریز کیلئے ایک اچھی ٹیم کا اعلان کیا گیا ہے،اسکواڈ میں نئے کھلاڑیوں سلمان مرزا، صاحبزادہ فرحان اور حسن نواز ، حسین طلعت کو موقع دیا گیا ہے یہ کھلاڑی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گےجبکہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی کنڈیشنز  پاکستان کے حق میں ہوں گے اور یہ کنڈیشنز  نئی کھلاڑیوں کیلئے  بھی مددگار ہوں گی‘ ۔

سرفراز احمد کے مطابق ماضی میں بھی  یو اے ای میں ہوئے میچز میں  پاکستان کا ریکارڈ  اچھا  رہا ہے، امید ہے کہ ٹیم ایک بار پھر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔

دوران گفتگو سرفراز احمد  نے  اوپنر فخر زمان کو  قومی ٹیم کی اہم شخصیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ فخر زمان پاکستان کی بیٹنگ میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں‘۔

دوسری جانب سرفراز نے اولمپک گیمز میں کرکٹ کی شمولیت  کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی پاکستان نہ صرف کوالیفائی کرے گا بلکہ  قومی  ٹیم سونے کا تمغہ بھی جیت کر لوٹے گی۔

متحدہ عرب امارات میں ہونے والی3  ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز اور ایشیا کپ کے لیے پاکستانی اسکواڈمیں سلمان علی آغا کو 17 رکنی اسکواڈ کا کپتان برقرار رکھا گیا ہے جبکہ ٹیم میں بابر اعظم اور محمد رضوان شامل نہیں ہیں۔

 سکواڈ میں فخر زمان، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف، صائم ایوب، خُوشدل شاہ، حسین طلعت،  محمد نواز، محمد وسیم جونیئر، محمد حارث ، ابرار احمد، فہیم اشرف، حسن علی، حسن نواز،صاحبزادہ فرحان، سلمان مرزا اور سفیان مقیم کو شامل کیا گیا ہے۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے