پاکستانی سٹیڈیم عالمی معیار کے نہیں، چیئرمین پی سی بی

لاہور:چئیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے پیر کے روز قذافی سٹیڈیم کا دورہ کرکے قذافی سٹیڈیم کے اپ گریڈیشن پراجیکٹ کے تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا۔چئیرمین پی سی بی نے بیسمنٹ کھدائی کے کام کوجلد مکمل کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ پراجیکٹ پر دن رات کام کرکے مقررہ مدت میں تکمیل یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے خصوصی ہدایت کی کہ بارشوں کو مدنظر رکھ کر تعمیراتی کام کی پلاننگ کی جائے۔
قذافی سٹیڈیم اپ گریڈیشن پراجیکٹ کے تعمیراتی کاموں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کے حوالے سے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی زیر صدارت ایف ڈبلیو او کے کیمپ آفس میں ایک اجلاس بھی منعقد ہواجس میں ایف ڈبلیو او، نیسپاک اور پی سی بی کے حکام نے شرکت کی۔اجلاس کے شرکاء کواب تک ہونے والی پیش رفت کے بارے بریفنگ دی گئی ۔
بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چئیرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ انشاء اللہ انفراسٹرکچر کے اس میگا پراجیکٹ کوچیمپیئنز ٹرافی سے پہلے مکمل کر لیں گے اور یہاں پر چیمپئنز ٹرافی کے میچ اور فائنل ہوگا۔انہوں نے کہا کہ نیویارک کا سٹیڈیم آخری دنوں میں مکمل ہوا تھا تو انشاء اللہ ہم ان سے بہت پہلے مکمل کر لیں گے۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ کسی بھی لحاظ سے ہمارے سٹیڈیمز انٹرنیشنل معیار کے نہیں ۔ نہ نشستیں ہیں نہ واش رومز۔اور ویو ایسا ہے کہ آپ 500 میٹر دور سے دیکھ رہے ہوتے ہیں۔ آج کے دور میں دنیا بہت ایڈوانس ہے ۔وقت آگیا ہے کہ سٹیڈیمز میں سہولتوں کو بہتر بنایا جائے۔
محسن نقوی نے کہا کہ ہم اسلام آباد میں نیا سٹیڈیم، ایبٹ آباد۔ سکردو میں بھی ہائی پرفارمنس سنٹرز پر کام کر رہے ہیں ۔ کچھ سٹیڈیم ہمارے پاس نہیں ہیں۔ اس کے لیے ہم نے مختلف صوبائی حکومتوں کو لیٹر لکھے ہیں آپ لوگ ٹھیک کر لیں یا ہمیں دیں تاکہ انہیں ٹھیک کیا جا سکے۔ ایک سوال پرانہوں نے کہا کہ ہم نے ہوٹل کے لیے عمارت لے لی ہے۔ ہوٹل تھوڑا سا پیچیدہ ایشو ہے کیونکہ بلڈنگ کو ہوٹل میں تبدیل کرنا ہے لیکن اس پر ورکنگ ہو رہی ہے۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے