لیجنڈز لیگ، اب پاکستانی ٹیم ایونٹ کا حصہ کبھی نہیں بنے گی؟
ورلڈ چیمپیئن شپ آف لیجنڈز میں پاکستان چیمپیئنز کے مالک کامل خان نے کہا ہے کہ بدقسمتی سے ہم دوبار فائنل میں پہنچے مگر فائنل نہیں جیت سکے۔ لاکھوں پاکستانیوں سمیت ہم سب کی خواہش تھی کہ ٹائٹل جیتیں مگر ایک دن کی بری کارکردگی کا مطلب یہ نہیں کہ ٹیم میں کوئی کمی تھی۔
کامل خان کا کہنا تھا کہ ہم اگلے سال دوبارہ آئیں گے اور ان شااللہ ٹرافی جیتیں گے۔ ہم جب تک کھلیں گے جب تک چیمپیئنز شپ جیت نہیں جاتے، بلکہ جیت کے بعد بھی فتوحات کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ ورلڈ لیجنڈز لیگ ایک نجی کرکٹ لیگ ہے، اسے پی سی بی تو اون نہیں کرتا اسے میں اون کرتا ہوں۔
کامل خان نے کہا کہ پاکستان ایک یونیورسل نام ہے، اسے استعمال کرنے سے ہمیں کوئی نہیں روک سکتا، ہم پاکستانی ہیں اور یہ نام ہمارا فخر ہے۔ ہم نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے باقاعدہ این او سی لیا تھا، جس پر میں ان کا بے حد مشکور ہوں۔
اگلے برس پی سی بی کی جانب سے این او سی نہ ملنے کے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ یہ تو قبل از وقت کا سوال ہے، انہیں ایسی کوئی اطلاع نہیں ہے کہ ایسی کوئی صورتحال ہے۔ اور نہ ہی اس بارے میں مجھے کچھ بتایا گیا ہے، ہم دوبارہ آئیں گے اور جیتیں گے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں