اے ایف سی ویمن ایشین کپ کوالیفائر میں پاکستان کی تاریخی کامیابی، انڈونیشیا کو ہرادیا
اے ایف سی ویمن ایشین کپ کوالیفائر میں پاکستان نے اپنے دوسرے میچ میں 62 درجہ بہتر ٹیم انڈونیشیا کو 0-2 سے شکست دے کر تاریخی کامیابی حاصل کرلی ہے، یہ ستمبر 2023 کے بعد پاکستان کی پہلی انٹرنیشنل فتح ہے۔
انڈونیشیا میں ایشین کپ کوالیفائرز کے گروپ ڈی کے میچ میں میزبان ٹیم کے خلاف پاکستان نے بھرپور ڈسپلن کا مظاہرہ کیا۔ ورلڈ نمبر 95 انڈونیشیا کی ٹیم عالمی رینکنگ میں 157 ویں پوزیشن کی ٹیم پاکستان کے خلاف میچ میں 63 فیصد گیند پر قبضے کے باوجود بھی گول نہ کرسکی جس میں پاکستان کی گول کیپر زیانا جیوراج کا کردار اہم رہا جنہوں نے انڈونیشیا کے کم از کم 8 حملوں کو ناکام بنایا۔
میچ میں پاکستان کو 8 ویں منٹ میں اس وقت برتری ملی جب نادیہ خان کی کک پر انڈونیشن گول کیپر گیند کو روکنے میں ناکام رہیں اور گیند جال میں جا پہنچی۔ یہ نادیہ خان کے انٹرنیشنل کیرِئیر کا پانچواں گول تھا۔ دس منٹ بعد پاکستان کو ایک پنالٹی ملی جس پر سوہا ہیرانی نے گول کرکے پاکستان کا اسکور 0-2 کردیا۔
اس کے بعد انڈونیشیا نے میچ میں واپس آنے کی بہت کوشش کی۔ انڈونیشین کھلاڑیوں کی جانب سے پاکستانی گول پوسٹ کی جانب 20 شاٹس ہوئے جس میں سے 8 ٹارگٹ پر تھے لیکن پاکستان کے ڈیفینڈرز اور گول کیپر زیانا جیوراج نے زبردست کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے انڈونیشیا کو گول کرنے سے باز رکھا اور کلین شیٹ حاصل کی۔
یہ ستمبر 2023 کے بعد پاکستان کی پہلی انٹرنیشنل فتح ہے، اس سے قبل پاکستان نے آخری مرتبہ ستمبر 2023 میں لاوس کو شکست دی تھی۔ اے ایف سی ایشین کپ کوالیفائر میں پاکستان ٹیم اپنا آخری گروپ میچ 5 جولائی کو کرغزستان کے خلاف کھیلے گی۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں