باکسنگ فیڈریشن کے سابق عہدیداران پر تاحیات پابندی اور 10 لاکھ جرمانے کا فیصلہ معطل
اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے سابق صدر خالد محمود اور سابق سیکرٹری جنرل لیفٹیننٹ کرنل (ر) محمد ناصر اعجاز پر تاحیات پابندی اور 10 لاکھ روپے جرمانے کے فیصلے کو معطل کردیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے پابندی اور جرمانے کے فیصلے کو عبوری طور پر معطل کرتے ہوئے معاملہ پاکستان سپورٹس بورڈ کے آئین کی شق 23 کے تحت قائم کردہ ایڈجوڈیکیٹرز پینل کو بھجوا دیا ہے۔
جسٹس ارباب طاہر نے تحریری فیصلے میں لکھا کہ چونکہ پی ایس بی کے آئین میں اپیل کا مؤثر فورم موجود ہے، لہٰذا براہ راست عدالت میں رٹ دائر کرنا قبل از وقت ہے۔عدالت نے ہدایت کی کہ تمام فریقین کو سن کر قانون کے مطابق فیصلہ کیا جائے۔
دوران سماعت پاکستان سپورٹس بورڈ کے لیگل ایڈوائزر سیف الرحمان راؤ نے مؤقف اپنایا کہ پی ایس بی کے آئین کے مطابق ایڈجوڈیکیٹرز پینل کے پاس اپیل کا فورم موجود ہے اور فریقین کو چاہیے کہ وہ اسی فورم سے رجوع کریں۔
پی ایس بی کی جانب سے عدالت کو یقین دلایا گیا کہ پینل آف ایجوڈیکیٹر کا فیصلہ خواہ پی ایس بی کے حق میں ہو یا خلاف، اسے مکمل طور پر تسلیم اور نافذ کیا جائے گا، غیر جانبداری کو یقینی بنانے کے لیے ابتدائی انکوائری میں شامل کسی رکن کو پینل کا حصہ نہیں بنایا جائے گا اور پینل کی کارروائی آزادانہ، منصفانہ اور شفاف طریقے سے ہوگی۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں واضح کیا کہ حتمی فیصلے تک 27 ستمبر 2024 کو جاری کردہ تاحیات پابندی اور جرمانے کا نوٹیفکیشن معطل رہے گا تاکہ ایڈجوڈیکیٹرز پینل مؤثر انداز میں کارروائی کر سکے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں