میچ فکسنگ کا الزام: بھارتی فرنچائز مالک کو 2 سال جیل اور 10 سال تک کھیل سے معطلی کی سزا
لنکا ٹی 10 لیگ کی فرنچائز گال مارولز کے مالک اور بھارتی شہری پریم ٹھاکر کو میچ فکسنگ کے الزام میں 2 سال جیل اور 10 سال کی معطلی کی سزا سنائی گئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سری لنکا میں کھیلوں میں جرائم کی روک تھام کے ایکٹ کے تحت پریم ٹھاکر کو خود پر لگے میچ فکسنگ کے الزامات کا جرم قبول کرنے کے بعد2 سال قید ، 60 لاکھ بھارتی روپے جرمانہ ، 10 لاکھ معاوضہ اور 10 سال کی معطلی کی سزا سنائی گئی ہے۔
کینڈی ہائیکورٹ نے آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ کی جانب سے جاری تحقیقات کیلئے پریم ٹھاکر کے موبائل فون سے ڈیٹا ڈاؤن لوڈ کرنے اور اس کی جانچ کی درخواست منظور کرلی ہے۔دوسری جانب پریم ٹھاکر کو جرمانے اور معاوضے کی ادائیگی کے بعد ملک چھوڑنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں