پیرس اولمپکس گیمز میں نااہلی :بھارتی خاتون ریسلر ونیش پھوگاٹ کاریٹائرمنٹ کا اعلان
فرانس کے دارالحکومت پیرس میں جاری اولمپک گیمز میں بھارتی خاتون ریسلر ونیش پھوگاٹ نے اپنی نااہلی کے بعد ریسلنگ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ۔ 29
سالہ بھارتی ویمن ریسلرونیش پھوگاٹ کو پیرس اولمپکس میں خواتین کے 50 کلوگرام مقابلے میں فائنل کے لیے زیادہ وزن ہونے کی وجہ سے نااہل قرار دیا گیا تھا۔
ونیش پھوگاٹ نے ایکس پر اپنا پیغام شیئر کرتے ہوئے پیرس اولمپکس کے فائنل میں پہنچ کر ڈس کوالیفائی ہونے پر اپنی قوم سے معذرت کی ہے۔
انہوں نے اپنی پوسٹ میں مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ کُشتی جو میرے لئے ماں تھی، جیت گئی اور میں ہار گئی، مجھے معاف کردیں۔قوم کی خود سے وابستہ امیدیں ٹوٹنے پر انہوں نے اپنے غم کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ آپ کے خواب اور میری ہمت سب ٹوٹ چکے ہیں، اب مجھ میں مزید طاقت نہیں ہے، الوداع کشتی 2001 سے 2024 تک کا سفر یہاں ختم ہوا۔ونیش پھوگاٹ نے اپنے پیغام کے آخر میں مزید لکھا کہ میں آپ سب کی مقروض ہوں، مجھے معاف کریں۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں