کیپیٹل پریمئیر لیگ اور گرین ٹورازم پاکستان کے درمیان کھیلوں کے ذریعے سیاحت کو فروغ دینے کا معاہدہ

کیپیٹل پریمئیر لیگ (سی پی ایل) اور گرین ٹورازم پاکستان (جی ٹی پی) کے درمیان کھیلوں کے ذریعے پاکستان میں سیاحت کو فروغ دینے کا معاہدہ طے پایا ہے۔ اس معاہدے پر دستخط کی تقریب گزشتہ روز اسلام آباد میں گرین ٹورازم پاکستان کے ہیڈ کوارٹر میں ہوئی، جہاں سی ای او گرین ٹورازم بریگیڈیئر (ر) عمر فاروق اور سی ای او کیپیٹل پریمیئر لیگ آفتاب نیئر صدیقی نے دستخط کیے۔

اس موقع پر دونوں اداروں کے رہنماؤں نے اس شراکت داری کو کھیلوں کے ذریعے دنیا کو پاکستان کی سیاحت کی طرف مائل کرنے کے مشن کا اہم قدم قرار دیا۔ اس شراکت کا مقصد کرکٹ کی مقبولیت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ماحول دوست رویوں اور پاکستان میں پائیدار سیاحت کے فروغ کے لیے شعور اجاگر کرنا ہے۔ دونوں تنظیموں نے اس بات پر زور دیا کہ کھیل معاشروں کو ماحولیاتی تحفظ کی طرف راغب کرنے کے لیے ایک مضبوط پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ہائبرڈ ماڈل پر تحریری معاہدے کے بغیر آگے نہیں بڑھیں گے: محسن نقوی

بریگیڈیئر (ر) عمر فاروق نے اس موقع پر کہا کہ یہ شراکت داری قدرتی حسن کو محفوظ رکھتے ہوئے کرکٹ کے شوق کو فروغ دینے کے ہمارے عزم کا عکاس ہے، اور ہم ایک ایسا مستقبل تخلیق کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جہاں سیاحت اور کھیل دونوں پائیداری کے ساتھ ترقی کریں۔

آفتاب نیر صدیقی نے اس شراکت پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ پاکستان کے نوجوانوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنے کا بہترین ذریعہ ہے، اور یہ شراکت ماحول دوست رویوں کے فروغ کے لیے کھیلوں کے کردار کو نئی جہت دے گی۔کیپیٹل پریمیئر لیگ کے سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر قیصر رفیق، چیئرمین منیر احمد شاد، صدر چوہدری ارشد علی بیگہ اور ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز وقار احمد خان نے اس معاہدے کو دونوں اداروں کے لیے خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ کیپیٹل پریمیئر لیگ نہ صرف پاکستان بھر میں فیڈریشن کی علامت بنے گی، بلکہ دنیا کو پاکستان کی سیاحت کے لیے بہترین ملک قرار دینے میں بھی اہم سنگ میل ثابت ہو گی۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے