جاپان کو شکست دیکر پاکستان جونیئر ہاکی ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچ گیا

پاکستان نے جاپان کو 2 کے مقابلے میں 4 گول سے شکست دے کر جونیئر ہاکی ایشیا کپ کے فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔

عمان میں جاری جونیئر ہاکی ایشیا کپ کے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان اور جاپان کے درمیان دلچسپ مقابلہ ہوا۔

پہلے کوارٹر میں کوئی ٹیم بھی گول نہ کرسکی۔ دوسرے کوارٹر میں پاکستان کے کپتان حنان شاہد نے گول کرکے برتری دلائی لیکن 3 منٹ بعد ہی جاپان کے تانکا توباشا نے گول کرکے مقابلہ برابر کردیا۔ہاف ٹائم تک مقابلہ ایک ایک گول سے برابر رہا ۔

تاہم تیسرے کوارٹر میں 38 ویں منٹ میں علی بشارت نے گول کرکے پاکستان کو پھر برتری دلائی لیکن اس بار بھی جاپان کے یاماناکا نے گول کرکے مقابلہ پھر2-2 کردیا۔

چوتھے اور آخری کوارٹر میں کپتان حنان شاہد نے خوبصورت فیلڈ گول کرکے ایک گول کی سبقت حاصل کی۔ 52 ویں منٹ میں پاکستان کو پنالٹی اسٹروک ملا جس پر سفیان خان نے گول کرکے مقابلہ 2-4 کردیا جو کھیل کے اختتام تک برقرار رہا۔

جونیئر ہاکی ایشیا کپ میں سفیان خان کا یہ دسواں گول تھا۔

واضح رہے کہ پاکستان نے گزشتہ سال بھی جونیئر ہاکی ایشیا کپ کا فائنل کھیل کر چاندی کا تمغہ حاصل کیا تھا۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے