صوبے کی تاریخ میں پہلی بار خواتین کے لیے "زلمی وومن کرکٹ لیگ” کا باضابطہ آغاز

صوبے کی تاریخ میں پہلی بار خواتین کے لیے کرکٹ کا بڑا ایونٹ "زلمی وومن کرکٹ لیگ” کا باضابطہ آغاز منگل کے روز خیبر پختونخوا حکومت اور زلمی فاؤنڈیشن کے تعاون سے ہوا۔ یہ ایونٹ حیات آباد اسپورٹس کمپلیکس میں منعقد کیا گیا، جس میں صوبائی وزیر اعلی تعلیم مینا خان افریدی، صوبائی وزیر کھیل سید فخر جہان، وزیر ابنوشی پختونیار خان، معاون خصوصی ہمایون خان، سیکرٹری اعلی تعلیم کامران آفریدی، زلمی فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر کرکٹ محمد اکرم اور یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز، کالجز کے پرنسپلز سمیت طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔
افتتاحی تقریب میں ٹرافی کی رونمائی کرتے ہوئے مینا خان افریدی اور سید فخر جہان نے زلمی وومن لیگ کا باضابطہ آغاز کیا۔ وزیر کھیل سید فخر جہان نے ایونٹ کے ونر اور رنر اپ ٹیموں کے لیے ایک ایک لاکھ روپے نقد انعام کا اعلان بھی کیا۔
مینا خان افریدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پشاور زلمی نے ہمیشہ صوبے کے ٹیلنٹ کو اجاگر کرنے میں تعاون کیا ہے اور وہ اُمید کرتی ہیں کہ ایسی سرگرمیاں مستقبل میں بھی جاری رہیں گی۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ صوبائی حکومت کالجز اور یونیورسٹیوں میں کھیلوں کے فروغ کے لیے اقدامات کر رہی ہے اور اس مہینے مختلف گیمز میں مقابلوں کا انعقاد کیا جائے گا، جس میں دو ہزار سے زائد کھلاڑی شریک ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں:ویلڈن سپیشل ہیروز ویلڈن، مریم نوازکا پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم کو خراج تحسین
صوبائی وزیر کھیل سید فخر جہان نے اپنے خطاب میں کہا کہ خیبر پختونخوا کے کھلاڑیوں نے ہمیشہ بین الاقوامی سطح پر اپنے ملک اور صوبے کا نام روشن کیا ہے۔ انہوں نے وومن کرکٹ لیگ کی کھلاڑیوں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے کھیل پر توجہ دیں اور اچھا کھیل پیش کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت ہر کھیل کے فروغ اور کھلاڑیوں کی معاونت کے لیے مکمل تعاون فراہم کرے گی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ خیبر پختونخوا میں روایتی، ثقافتی اور بین الاقوامی کھیلوں کو ترقی دینے کی کوششیں کی جا رہی ہیں تاکہ نوجوان نسل کو صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب کیا جا سکے۔ سید فخر جہان نے کہا کہ صوبے کے کھلاڑیوں کے لیے اس طرح کے ایونٹ کا انعقاد کرنے پر پشاور زلمی کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور صوبائی حکومت کھلاڑیوں کے لیے مزید مواقع فراہم کرتی رہے گی۔
صوبائی وزیر نے انڈر 16 ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے آغاز کا بھی اعلان کیا، جس کے تحت منتخب کھلاڑیوں کو بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت کے لیے ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے، بس ان کی سرپرستی کی ضرورت ہے تاکہ عالمی سطح پر پاکستان کی بہترین نمائندگی کی جا سکے۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے