کپتان محمد رضوان کی نوجوان کھلاڑیوں سے امیدیں
بلاوائیو میں پریس کانفرنس میں محمد رضوان نے کہا کہ زمبابوے میں کنڈیشنز مختلف ہیں لیکن بطور پروفیشنل آپ کو اس طرح کی چیزوں کےلیے تیار رہنا ہوتا ہے، آسٹریلیا کےخلاف سیریز سے ملنے والا اعتماد اس سیریز میں بھی برقرارکھنے کی کوشش کریں گے۔
قومی ٹیم کے کپتان نے مزید کہا کہ یہاں بھی اچھا پرفارم کرنے کی کوشش کریں گے، چیلنج یہ ہے کہ ہم ایک نوجوان ٹیم کے ساتھ آئے ہیں ، جن کےلیے یہ اچھا موقع ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سینئر کھلاڑیوں کی جگہ پورا کرنا آسان نہیں ہے، امید ہے کہ اس سیریز سے پاکستان کو نئے سپر اسٹارز ملیں گے۔محمد رضوان نے یہ بھی کہا کہ جنوبی افریقا کےخلاف سیریز میں ٹیم کو ایک شکل میں لے کر آئیں گے، کوشش کریں گے کہ اس سیریز سے چیمپئنز ٹرافی کے لئے کچھ نہ کچھ حاصل کریں۔
یہ بھی پڑھیں:رونالڈو کی النصر کو سیزن کی پہلی شکست
قومی ٹیم کے نئے کوچ عاقب جاوید سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ عاقب جاوید ایک زمانے سے کوچنگ کر رہے ہیں ، جو چیز مجھے اچھی لگی وہ یہ ہے کہ آتے ہی عاقب بھائی نے کہا کہ آسٹریلیا میں جو چیزیں کی ہیں انہیں ہی لے کے جائیں۔
محمد رضوان نے کہا کہ عاقب پہلے ہمارے بولنگ گروپ شاہین، حارث، احمد دانیال کے ساتھ کام کر چکے ہیں، امید ہے کہ ان چیزوں سے ہمیں بہت فائدہ ہو گا۔انہوں نے کہا کہ کئی سال سے کپتانی کر رہا ہوں، مگر ڈومیسٹک اور کلب کرکٹ کی کپتانی میں فرق ہوتا ہے ، فرنچائز اور انٹرنیشنل کرکٹ کی کپتانی تقریباً ملتی جلتی ہے مگر انٹرنیشنل میں پریشر زیادہ ہوتا ہے۔
خوش نصیب ہوں کہ تمام کھلاڑی ایسے کھیل رہے ہیں جیسے وہ خود کپتان ہوں، میرا تمام اسکواڈ ہی کپتان ہے، سینئر کھلاڑیوں کو آرام دے کر ہم نے نئے کھلاڑیوں کو موقع دیا۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں