پاکستان کا بھارت سے کرکٹ کھیلنے سے انکار
بھارت نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کیلیے پاکستان آنے سے انکار کر کیا تو حکومت پاکستان نے بھارتی ہٹ دھرمی اور پروپیگنڈہ کا منہ توڑ جواب دینے کا فیصلہ کر لیا ۔ حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر بھارت چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان نہیں آتا تو ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2026 سمیت پاکستان ایسے تمام ایونٹس میں شرکت نہیں کرے گا جہاں بھارت ہو ۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان نے تمام تیاریاں مکمل کر لی ہیں ، ساری ٹیمیں پہلے بھی پاکستان آ چکی ہیں اور دوبارہ آنے کو بھی تیار ہیں تو بھارت کیوں نہیں آئے گا ؟ حکومتی ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہی ہو گی ، کسی بھی قسم کا ہائبرڈ ماڈل قبول نہیں ہو گا ۔ اگر بھارت چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان نہیں آتا تو ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ دو ہزار چھبیس سمیت تمام ایونٹس میں پاکستان شرکت نہیں کرے گا ۔
حکومتی ذرائع کے مطابق اولمپکس 2036 کیلئے بھارتی بولی کیخلاف بھی خط لکھنے پر غور کیا جا رہا ہے۔ اولمپکس دو ہزار چھتیس میں کرکٹ کا کھیل بھی شامل کیا جائے گا۔ بھارت پاکستان نہ آئے تو پاکستان اولمپکس کیلئے بھی بھارت نہیں جائے گا۔ حکومتی ذرائع کے مطابق پاکستان اسٹیڈیمز بنا رہا ہے، سیکیورٹی صورتحال بھی ٹھیک ہے۔ بھارت کے پاس پاکستان نہ آنے کا کوئی جواز نہیں۔ بھارت نہ آیا تو ریونیو کا نقصان ہوگا لیکن پاکستان سے میچز نہ ہونے پر بھارت کو بھی نقصان ہوگا۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں