نوواک جوکووچ انجری کے باعث اے ٹی پی فائنلز سے دستبردار

دفاعی چیمپیئن اور 24 بار کے گرینڈ سلیم فاتح نوواک جوکووچ نے انجری کے باعث اس سال کے اے ٹی پی فائنلز سے دستبرداری کا اعلان کر دیا ۔ ان کی غیر موجودگی سے ناروے کے کسپر رو ڈ، آسٹریلیا کے الیکس ڈی مینور اور روس کے آندرے روبلیوف کو ایونٹ میں شرکت کی ضمانت مل گئی ہے۔37 سالہ جوکووچ نے انسٹاگرام پر اپنے پیغام میں کہا کہ میں واقعی اس ایونٹ کا منتظر تھا، مگر انجری کے باعث اگلے ہفتے نہیں کھیل سکوں گا ۔

جو مجھے ٹورین میں کھیلتا دیکھنا چاہتے تھے ان تمام افراد سے معذرت ، تمام کھلاڑیوں کے لیے نیک تمنائیں اور جلد ملاقات ہوگی۔ پیرس ماسٹرز میں ہولگر رونے سے کوارٹر فائنل میں شکست کے بعد ڈی مینور کی اے ٹی پی فائنلز شرکت ممکن نہیں تھی لیکن جوکووچ کی دستبرداری کے بعد وہ پہلی بار ٹورنامنٹ میں شرکت کریں گے۔ وہ ورلڈ نمبر ون جینک سنر، دو بار کے سابق فاتح الیگزینڈر زیوریف ، چار بار کے گرینڈ سلیم فاتح کارلوس الکاراز ، سابق یو ایس اوپن چیمپیئن ڈینیل میدویدیو اور امریکی ٹیلر فرٹز کے ہمراہ ایونٹ میں شامل ہوں گے ۔ اے ٹی پی فائنلز 10 سے 17 نومبر تک جاری رہیں گے۔

جوکووچ نے گزشتہ سال اس ایونٹ میں ریکارڈ ساتویں بار فتح حاصل کی تھی اور فائنل میں اطالوی کھلاڑی سنر کو شکست دی تھی۔ جوکووچ اس سال گرینڈ سلیم ٹائٹلز کی تعداد میں اضافہ نہیں کر سکے اور کسی اے ٹی پی ٹائٹل کو بھی اپنے نام نہ کر سکے۔ جوکووچ صرف پیرس میں اپنا پہلا اولمپک گولڈ میڈل جیتنے میں کامیاب ہوئے

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے