بھارتی ٹیم پاکستان آئے گی،چیئرمین پی سی بی کا دعویٰ
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہوگی اور بے فکر رہیں تمام ٹیمیں ٹرافی کھیلنے پاکستان آئیں گی ۔ چیمپئنز ٹرافی میں بھارتی ٹیم کی آمد سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ بھارت کے معاملے میں اللہ بہتر کرے گا ۔ کراچی میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں محسن نقوی کا کہنا تھا کہ15 دسمبر تک اسٹیڈیمز کا کام مکمل ہو جائے گا ۔
محسن نقوی نے کہا کہ ون ڈے اور ٹی 20 ٹیم کے کوچ گیری کرسٹن سے معاہدہ پی سی بی نے ختم نہیں کیا بلکہ انہوں نے استعفیٰ دیا ۔ انہوں نے کہا کہ وائٹ بال کوچ کیلیے پانچ سے سات لوگوں سے بات چیت چل رہی ہے ، عاقب جاوید کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں ہوا ۔ ہمارے پاس کئی عہدے خالی ہیں ان پر بندے رکھنے ہیں۔چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ کسی کھلاڑی کی سلیکشن میں دخل اندازی نہیں کرتا ۔
فخر زمان ٹیم میں ہو گا یا نہیں یہ سلیکشن کمیٹی بتائے گی ، کسی کھلاڑی کا نہیں کہا کہ اس کو رکھیں یا اس کو نہیں ۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کرکٹرز سے کراچی میں ملاقات کی اور ان کا حوصلہ بڑھایا ۔ قومی ٹیم کے کھلاڑی آج رات دورہ آسٹریلیا کیلیے روانہ ہوں گے ۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں