فٹ بال کا سب سے بڑا ایوارڈ اسپین کے کھلاڑی روڈری کے نام

نہ ارلنگ ہالینڈ ، نہ ونی سیئس جونیئر ، نہ ہی میسی اور رونالڈو جیسے بڑے نام ،، مانچسٹر سٹی اور اسپین کے کھلاڑی روڈری سال کے بہترین فٹبالر بن گئے ۔ روڈری کو فرانس میں منعقد تقریب میں فٹبال کے سب سے بڑے اعزاز بیلن ڈی اور سے نوازا گیا۔ دفاعی مڈ فیلڈر ہونے کے باوجود روڈری نے گزشتہ سیزن مانچسٹر سٹی کی جانب سے نو اہم گول اسکور کیے ۔ روڈری بیلن ڈی اور جیتنے والے تیسرے ہسپانوی کھلاڑی ہیں۔

اس سے قبل 1957 اور 1959 میں الفریڈو ڈی اسٹیفانو اور پھر 1960 میں لوئس ساریز نے یہ ایوارڈ اپنے نام کیا تھا۔اسپین نے 2010 میں ورلڈ کپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا جب کہ اسپینش ٹیم 2008 اور 2012 میں یورو کپ کی فاتح تھی۔ اس عرصے کے دوران ٹیم کی نمائندگی کرنے والے کھلاڑیوں کو ‘گولڈن جنریشن’ کہا جاتا تھا۔ لیکن اُس وقت بھی اسپین کا کوئی کھلاڑی ‘بیلن ڈی اور’ ایوارڈ حاصل نہیں کر سکا تھا۔انجری کی وجہ سے عارضی طور پر کھیل سے باہر روڈری بیساکھیوں کے ساتھ اسٹیج پر آئے ۔ سٹی کے سابق کھلاڑی جارج ویاہ نے انہیں ٹرافی پیش کی۔ رودری نے اس موقع پر کہا کہ آج کا دن میرے، میرے خاندان اور میرے ملک کے لیے بہت خاص ہے۔ 2018 میں لوکا مودرچ کے بعد یہ اعزاز اپنے نام کرنے والے پہلے مڈ فیلڈر ہیں ۔

روڈری رواں سال یورو کپ کی فاتح اسپینش ٹیم کے بہترین کھلاڑی قرار پائے تھے۔مانچسٹر سٹی کو مسلسل چوتھا پریمیئر لیگ ٹائٹل جتوانے میں بھی روڈری کا اہم کردار رہا۔ فیورٹ ونی سیئس جونیئر کے ایوارڈ نہ جیتنے پر تقریب میں ریال میڈرڈ کی طرف سے کسی نے شرکت نہ کی ۔ میڈرڈ نے ایوارڈ کے فیصلے پر اعتراض کرتے ہوئے بیان میں کہا کہ ایوارڈ کے معیار ونی سیئس جونیئر کو فاتح قرار نہیں دیتے، لہٰذا یہ واضح ہے کہ بیلن ڈی آر یوئیفا ریال میڈرڈ کا احترام نہیں کرتے اور ریال میڈرڈ وہاں نہیں جاتا جہاں اس کا احترام نہیں ہوتا۔ونی سیئس جونیئر نے روڈری کی کامیابی پر کہا کہ اگر مجھے یہ دس بار بھی ثابت کرنا پڑا تو میں کروں گا۔ برازیلی اسٹرائیکر رچارلسن نے بھی ونی سیئس کے نہ جیتنے کو شرمناک قرار دیا اور کہا رودری عظیم کھلاڑی ہیں، لیکن وینی کے نہ جیتنے سے آج صرف فٹبال ہاری ہے ۔

دو دہائی بعد یہ پہلا موقع تھا کہ رواں برس ‘بیلن ڈی اور’ کی دوڑ میں میسی اور رونالڈو شامل نہیں تھے۔میسی آٹھ مرتبہ بیلن ڈی اوور جیتنے میں کامیاب رہے اور مجموعی طور پر وہ 16 مرتبہ اس ایوارڈ کی نامزدگی حاصل کر سکے ، جب کہ رونالڈو پانچ دفعہ ایوارڈ کے حق دار قرار پائے۔ لیکن وہ دو برس سے بیلن ڈی اور کی نامزدگی حاصل نہیں کر سکے تھے۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے