ایس سی او کے 11 ٹیکنالوجی پارکس روز گار کا اہم ذریعہ بن گئے
سپیشل کیمونیکیشن آرگنائزیشن نے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لئے 12 ٹیکنالوجی پارکس اور 37 فری لانسنگ ہب قائم کردیئے ۔
ایس سی او نے سافٹ ایکشن پلان کے تحت گیارہ ماہ کی قلیل مدت میں آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف شہروں میں 12 جدید ترین سافٹ وئیر ٹیکنالوجی پارکس اور 37 فری لانسنگ ہب قائم کیے ہیں جن کی بدولت نوجوانوں کو آئی ٹی کی جدید سہولیات، تیز رفتار انٹرنیٹ اور عالمی فری لانسنگ پلیٹ فارم تک رسائی ممکن ہوئی ہے ۔ اس پروگرام کے تحت آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے بڑے شہروں اسکردو، گلگت، ہنزہ، میرپور، مظفرآباد، کوٹلی میں سافٹ وئیر ٹیکنالوجی پارکس قائم کیے گئے ہیں جو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ ہیں۔ یہاں نوجوان اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر ملک کی بڑھتی ہوئی ڈیجیٹل معیشت میں اپنا حصہ ڈال رہے ہیں ۔ تحصیل کی سطح پر فری لانسنگ ہب بھی قائم کیے گئے ہیں جو سافٹ وئیر ٹیکنالوجی پارک سے منسلک ہیں اور مقامی نوجوانوں کو آن لائن فری لانسنگ پلیٹ فارمز اور وسائل تک رسائی فراہم کررہے ہیں ۔ وادی نیلم کے دور افتادہ علاقہ کیل میں لڑکیوں کے لیے ایک خصوصی آئی ٹی سہولت سینٹر صنفی مساوات قائم رکھنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

انفارمیشن ٹیکنالوجی کی ان سہولیات سے خصوصی افراد بھی مستفید ہو رہے ہیں جس کی ایک مثال گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والا ناد علی ہے، جو آج ایک کامیاب فری لانسر کے طور پر کام کر کرتے ہوئے اپنے خاندان کی کفالت کر رہا ہے ۔ سکردو سے تعلق رکھنے والی ایک کاروباری خاتون سارہ بھی ٹیکنالوجی کی اس سہولت سے استفادہ کرتے ہوئے کامیاب زندگی گزار رہی ہیں ۔ گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والی ظل ہما ان سہولیات سے خود استفادہ کر رہی ہیں اور دوسری خواتین کو بھی تربیت دے کر بااختیار بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں ۔ اسی طرح آزادکشمیر کے شہر کوٹلی سے تعلق رکھنے والا فیصل علی ایک سبزی فروش سے جدید ای کامرس کاروباری شخص کے طور پر کامیابی کے راستے پر گامزن ہے۔
اس پروگرام کا مقصد نوجوانوں کو ضروری ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کرنا، ان کے لیے بین الاقوامی سطح پر روزگار کے مواقع پیدا کرنا اور خود انحصاری کے کلچر کو فروغ دینا ہے۔ سپیشل کیمونیکیشن آرگنائزیشن کےان ڈیجیٹل اقدامات سے جہاں بے روزگاری کا خاتمہ ہوگا وہیں خود انحصاری اور معاشی ترقی میں بھی مدد ملے گی۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں