ایک آئی فون میں جلد کئی واٹس ایپ اکاؤنٹس استعمال کرنا ممکن ہو جائے گا

ایک آئی فون میں ایک سے زیادہ واٹس اکاؤنٹس استعمال کرنے کا فیچر آخرکار صارفین کے لیے پیش کیا جا رہا ہے۔

اب تک صارفین ایک آئی فون میں صرف ایک واٹس ایپ اکاؤنٹ استعمال کر سکتے ہیں کیونکہ واٹس ایپ ملٹی اکاؤنٹ سپورٹ موجود نہیں۔یہ فیچر اینڈرائیڈ صارفین کو کافی عرصے سے دستیاب ہے اور اب جا کر آئی او ایس ڈیوائسز کے لیے اسے بیٹا (beta) ورژن میں متعارف کرایا گیا ہے۔

آئی او ایس ڈیوائسز کے لیے نئے بیٹا ورژن میں یہ فیچر سامنے آیا ہے جس کے ساتھ اکاؤنٹ لسٹ پیج بھی ہے، جہاں آپ ان اکاؤنٹس کو دیکھ سکیں گے جن کو ایک ڈیوائس میں استعمال کر رہے ہوں گے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ اس فیچر سے آئی فون ایک ڈیوائس میں مختلف واٹس ایپ اکاؤنٹس آسانی سے استعمال کرسکیں گے اور انہیں ایپ سے لاگ آؤٹ ہونے یا اسے ری اسٹارٹ کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

بس آپ ایپ میں جاکر اپنے جس اکاؤنٹ کو سلیکٹ کریں گے، اس کی چیٹ ہسٹری، سیٹنگز اور دیگر آپشن سامنے آجائیں گے۔اس کے ساتھ ساتھ واٹس ایپ کی جانب سے ایک نیا نوٹیفکیشن سسٹم بھی تیار کیا جا رہا ہے جس کا مقصد صارفین کو ایک سے زیادہ اکاؤنٹس کو آسانی سے ہینڈل کرنا ہے۔

تمام اکاؤنٹس کے نوٹیفکیشنز سے صارفین کو علم ہو جائے گا کہ کونسا میسج کس اکاؤنٹ سے تعلق رکھتا ہے، جبکہ نوٹیفکیشن پر کلک کرنے پر متعلقہ اکاؤنٹ اور چیٹ ہسٹری اوپن ہو جائے گی۔

یہ فیچر ان افراد کے لیے بہترین ثابت ہوگا جو واٹس ایپ کو دفتری سرگرمیوں کے لیے بھی استعمال کرتے ہیں، ملٹی اکاؤنٹ سپورٹ سے وہ دفتری اور ذاتی زندگی کے لیے الگ اکاؤنٹس استعمال کر سکیں گے۔

اسی لیے یہ بہت اہم فیچر اور اس سے صارفین کو کافی مدد مل سکے گی۔چونکہ یہ فیچر ابھی بیٹا ورژن میں موجود ہے تو یہ کہنا مشکل ہے کہ یہ فیچر کب تک تمام آئی فون صارفین کو دستیاب ہوسکے گا۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے