وزیر اعظم آزاد جموں وکشمیرچوہدری انوار الحق کا رٹھوعہ ہریام پل کے تعمیراتی کام کا معائنہ
آزاد جموں وکشمیر کے وزیر اعظم چوہدری انورا لحق نے منگلا ڈیم توسیع منصوبہ کے تحت تعمیر ہونے والا ادھورے منصوبے رٹھوعہ ہریام پل کی سائٹ کا معائنہ کیا اور زیر تعمیر منصوبہ کی ترقیاتی کاموں کے بارے میں بریفنگ اور پراگریس کا جائزہ لیا اس موقع پرآزادکشمیر کے موسٹ سینئر وزیر کرنل (ر)وقار احمد نور، وزیر تعمیرا ت عامہ ومواصلات چوہدری اظہر صادق، وزیر ہاؤسنگ و فیزیکل پلاننگ چوہدری یاسر سلطان،معاون خصوصی محترمہ نبیلہ ایوب،وزیر اعظم کے سپیشل ایڈوائزر کرنل ریٹائرڈ محمد معروف خان،چیف انجینئر محمود ممتاز راٹھور،کمشنر چوہدری مختار حسین،ایف ڈبلیو او کے اعلیٰ عہدیداران اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے جبکہ پراجیکٹ ڈائریکٹر رٹھوعہ ہریام برج محمد حبیب مغل نے رٹھوعہ ہریام پل پر قومی تعمیراتی کمپنی ایف ڈبلیو او کی طرف سے اب تک ہونے والی پراگریس کے بارے میں بریفنگ دی۔
زیر اعظم آزادکشمیر چوہدری انوار الحق نے ہدایت کی کہ یہ منصوبہ جولائی 2026تک مکمل ہونا چاہیے اس میں اب مزید کسی قسم کے التواء کی گنجائش نہیں ہونی چاہیے فنڈز کی بروقت فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔
بعدازاں انھوں نے رٹھوعہ ہریام برج کی سائیٹ کا معائنہ کرتے ہوئے موقع پر موجود افراد سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پل پر کام کی رفتار اور معیار سے مطمئن ہوں خوشی ہوئی ہے کہ FWOبہترین کام کررہا ہے انھوں نے کام کی رفتار کو برقرار رکھا ہوا ہے،وفاقی حکومت سے فنڈز کی بروقت فراہمی کے لیے آزادکشمیر حکومت بھرپور کردار اد اکرے گی،مشکل اور نامساعد حالات میں FWO نے ہمیشہ آزادکشمیراور پاکستان بھر میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے،میں خصوصی طور پر FWOکے ڈائریکٹرجنرل کا بھی شکرگزار ہوں جن کی ذاتی دلچسپی سے سرد خانے میں پڑا ہوا یہ پراجیکٹ فعال ہوا۔
حکومت آزادکشمیر،ریاست کے عوام بالخصوص میرپور کے شہری اسے قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں،انھوں نے کہا کہ ہم FWO کے پشت پر ہیں پل کی تکمیل کے لیے تمام وسائل حاضرہیں ، مجھے یقین ہے کہ اپریل تک پل کی تمام پائلز مکمل ہونے کے بعد اس کے نئے ڈیزائن کی شکل سامنے آجائیگی،اگرچہ یہ ایک مشکل اور پچیدہ منصوبہ تھا جس پر کام کی رفتار اور معیارکو برقرار رکھنا ایف ڈبلیو او کا کمال ہے،عوام نے 19،20سال اس پراجیکٹ کی وجہ سے تکلیف میں گزارے ہیں تاہم اب اس پراجیکٹ کی تکمیل میں کوئی رکاوٹ نہیں آنی چاہیے،اس وقت حکومت آزادکشمیر اس کے تمام ادارے فعال ہیں،سب سٹیک ہولڈرز ایک پیچ پر ہیں کام کا معیار اور رفتار ہر صورت برقرار رہنی چاہیے۔
چوہدری انوارالحق نے کہاکہ اس منصوبے کی انتظامی نگرانی وزیر تعمیرات عامہ چوہدری اظہر صادق خود کررہے ہیں ، میں ہر مہینے یا 45 دن میں خود سائیٹ کا وزٹ کروں گا تاکہ مجھے رفتار اور مشکلات اگر کوئی ہیں تو ادراک ہو،وزیر اعظم کے دورے سے عوام کا اعتماد بھی بڑھتا ہے۔اس پل کی فزیکل پراگریس کو وزیراعظم کابینہ اور متعلقہ وزراء خود مانیٹر کررہے ہیں، انھوں نے کہاکہ پل کی تکمیل ہم سب کاخواب ہے اسے بروقت مکمل کیا جانا چاہیے،اس سے نہ صرف اسلام گڑھ کے عوام بلکہ تارکین وطن بھی جو عدم تکمیل کے باعث شدید کرب اور اذیت کا شکار تھے اب ان کو راحت ملے گی،کمپنی نے اچھا کام کیا ہے کہ اس نے پل کی ساری فزیکل پراگریس انٹرنیٹ پر ڈال دی ہے جسے عوام براہ راست دیکھتے ہیں یہ نیا ٹرینڈ ہے جس پر میں کمپنی کو مبارکباد دیتا ہوں یہ شفافیت ہے یہی سب سے بڑا اعتماد اور مضبوطی کی دلیل ہے کہ کام پراجیکٹ کی تصریحات کے مطابق ہو رہا ہے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں