وزیراعظم کی زیرصدارت کابینہ اجلاس، ایس سی او کانفرنس کی تیاریوں کا جائزہ
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جاری ہے جس میں ایس سی او کانفرنس کی تیاریوں کا جائزہ لیاجا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس تقریباً ساڑھے 11 بجے شروع ہوا، اجلاس میں کابینہ 19 نکاتی ایجنڈے پر غور کر رہی ہے۔
اجلاس میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کانفرنس کی تیاریوں کا جائزہ لیا جا رہا ہے، کابینہ اجلاس میں ملک کی سیاسی اور معاشی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا جارہا ہے۔
کابینہ اجلاس میں حج پالیسی 2025 کابینہ اجلاس میں پیش کی جائے گی، وزارتوں میں ای آفس کے استعمال پر بھی بریفنگ ہو گی، گوادراورحب کے جوڈیشل میجسٹریٹ کو اختیارات کی حوالگی پر بریفنگ ہوگی جبکہ مونو سوڈیم گلوٹامیٹ کی درآمد پرعائد پابندی کے حوالے سے کمیٹی کی رپورٹ پر غور ہوگا۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ امریکا سے واپسی کے بعد یہ وفاقی کابینہ کا پہلا اجلاس ہے۔
یاد رہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کا سربراہی اجلاس 15 اور 16 اکتوبر کو اسلام آباد میں منعقد ہو گا جس میں بھارتی وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر سمیت دیگر ممالک کے اعلیٰ سطح کے وفود شرکت کریں گے۔
وفاقی حکومت نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہی اجلاس کے پیش نظر اسلام آباد اور راولپنڈی میں 3 روز کے لیے عام تعطیل کا اعلان کر دیا ہے، کابینہ ڈویژن نے 14، 15 اور 16 اکتوبر کو راولپنڈی، اسلام آباد میں تعطیل کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا ہے۔
گزشتہ روز ترجمان دفتر خارجہ نے واضح کیا تھا کہ پاکستان ایس سی او اجلاس کی میزبانی کے لیے تیار ہے، وزیراعظم شہباز شریف اجلاس کی صدارت کریں گے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں