معدنی وسائل کی رائلٹی ، وزیرستان کے عوام کیلئے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کا اہم اقدام

 

شمالی وزیرستان میں حال ہی میں دریافت شدہ پیٹرولیم اور گیس کے وسائل، رائلٹی کی مد میں ترقیاتی فنڈز کی منصفانہ تقسیم اور مقامی آبادی کے حقوق کے تحفظ کے لئے صوبائی مشترکہ کمیشن کا قیام ،وزیر اعلی سیکرٹریٹ نے اس سلسلے میں باضابطہ اعلامیہ جاری کردیا۔
تفصیلات کے مطابق شمالی وزیرستان میں حال ہی میں دریافت شدہ پیٹرولیم اور گیس کے وسائل، رائلٹی کی مد میں ترقیاتی فنڈز کی منصفانہ تقسیم اور مقامی آبادی کے حقوق کے تحفظ کے لئے صوبائی مشترکہ کمیشن کے قیام کا اعلان کر دیا گیا ۔

 


13 رکنی اس کمیشن میں وزیر اعلی کے مشیر بیرسٹر محمد علی سیف، ایم این اے مفتی مصباح الدین، ایم پی اے نیک محمد خان، ایم پی اے محمد اقبال شامل ہیں جبکہ دیگر ممبران میں سیکرٹری انرجی اینڈ پاور خیبر پختونخوا، ایڈیشنل سیکرٹری وزارت پیٹرولیم اسلام آباد، ماڑی پیٹرولیم کمپنی اور ایس این جی پی ایل کے حکام، آر پی او بنوں اور نمائندہ 11 کور شامل ہیں ۔ اعلامیے کے مطابق کمشنر بنوں کمیشن کے ممبر اور کنوینئیر ہونگے۔

اعلامیہ کے مطابق یہ کمیشن ان قدرتی وسائل کو ملک، علاقے اور مقامی آبادی کے بہتر مفاد میں استعمال کو یقینی کے لئے طویل المدتی پالیسی تشکیل دینے کے ساتھ ساتھ مقامی آبادی، صوبائی و وفاقی حکومتیں اور دیگر شراکت دار اداروں کے درمیان مربوط رابطے کا کردار ادا کرے گا۔
وزیر اعلی نے اس سلسلے میں سہ درجاتی مشاورتی فریم ورک کے طور پر ضلعی اور تحصیل سطح پر کمیٹیاں بھی تشکیل دینے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ ضلعی اور تحصیل کی سطح کی کمیٹیوں کا اعلامیہ عمائدین علاقہ اور منتخب عوامی نمائندوں کی مشاورت سے کیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ کے پی علی امین گنڈاپور کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ موجودہ صوبائی حکومت شمالی وزیرستان میں حالیہ دریافت شدہ قدرتی وسائل سے جڑے فوائد اور ترقیاتی فنڈز کی منصفانہ اور عوامی امنگوں کے مطابق تقسیم یقینی بنائے گی اور اس مقصد کے لئے صوبائی مشترکہ کمیشن اور ضلعی و تحصیل سطح کی کمیٹیوں کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ سہ درجاتی مشاورتی فریم ورک ان قدرتی وسائل سے مقامی آبادی کے حقوق کے تحفظ اور علاقائی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے ساتھ ایسی طویل المدتی پالیسی تشکیل دے گا جس سے علاقائی ترقی و استحکام اور مقامی لوگوں کو روزگار کی فراہمی یقینی ہوسکے گی۔ انہوںنے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت ضم اضلاع کی تیز رفتار ترقی کے لئے پر عزم ہے۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے