قوم کے معمار کے طور پراساتذہ کے گراں قدر کردارکو تسلیم کرتے ہیں : وزیراعظم
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مستقبل کے معمار کے طور پر اساتذہ کے گراں قدر کردار کو تسلیم کرتے ہوئے کہا ہے کہ علم پر مبنی معیشت بننے کے ہمارے مقصد کے لیےاساتذہ کی لگن ناگزیر ہے۔جدیدانفراسٹرکچر اور تعلیمی وسائل میں سرمایہ کاری جاری رکھیں گے۔ وزیراعظم آفس کے پریس ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی یوم اساتذہ پر پیغام میں کہا کہ آج ہم اپنی قوم کے مستقبل کے معمار کے طور پر اساتذہ کے گراں قدر کردار کو تسلیم کرنے کے لیے عالمی یوم اساتذہ منانے میں عالمی برادری کے ساتھ شریک ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہم ان لوگوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے پاکستان کے مستقبل کی تشکیل اور علم کو فروغ دینے کے عظیم مشن کو سر انجام دینے کا بیڑہ اٹھایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ درحقیقت کسی ملک کی ترقی بنیادی طور پر اس کے افراد کی تعلیم سے جڑی ہوتی ہے اور یہ اساتذہ کی انتھک محنت ہی ہے جو نوجوان نسل میں ترقی اور خوشحالی کی تحریک اور لگن پیدا کرتی ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ میں پاکستان بھر کے تمام اساتذہ کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں جو اپنے غیر متزلزل عزم کے ساتھ نوجوان ذہنوں کو سنوارتے ہیں ۔ وہ ہمارے مستقبل کے معمار ہیں اور علم پر مبنی معیشت بننے کے ہمارے مقصد کے لیے ان کی لگن ناگزیر ہے۔ ان کی کاوشوں کے بغیر ہم اپنی ان امنگوں کو پورا نہیں کر سکتے جو ہم نے بحیثیت قوم اپنے لیے متعین کر رکھی ہیں
انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان اساتذہ کے ساتھ کئے گئے اپنے وعدے کی تکمیل کے لیے پرعزم ہے ۔ ہم ایک حوصلہ افزا اور اچھی معاون تدریسی افرادی قوت کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہیں اور جدیدانفراسٹرکچر اور تعلیمی وسائل میں سرمایہ کاری جاری رکھیں گے۔ ہمارا مقصد ایک اعلیٰ کارکردگی کا حامل تعلیمی نظام وضع کرنا ہے جو ہمارے طلباء اور اساتذہ دونوں کو تیزی سے بدلتی ہوئی دنیا میں ترقی کی منازل طے کرنے کے قابل بنا سکے۔
انہوں نے کہا کہ آئیے ،ہم آج اور ہر آنے والے دن کو اپنے اساتذہ کے انتہائی اثر انگیز کردار کے طور پر منائیں اور پاکستان کے مستقبل کے رہنماؤں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے کے ان کے مشن میں ان کی معاونت کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کریں۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں