بلاول بھٹو اور حافظ نعیم کی ملاقات، وزیر اعظم کا 7 اکتوبر کو فلسطینیوں کیساتھ یوم یکجہتی منانے کا اعلان
وزیراعظم شہباز شریف نے 7 اکتوبر کو مقبوضہ فلسطین کے علاقے غزہ پر اسرائیل جارحیت کے ایک سال مکمل ہونے پر بلائی جانے والی آل پارٹیزکانفرنس کی میزبانی کا فیصلہ کرلیا۔
وزیراعظم شہبازشریف سے امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان اور پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ملاقات کی۔
وزیراعظم ہاؤس کے مطابق ملاقات میں موجود سیاسی جماعتوں نے غزہ اور فسلطینیوں کے ساتھ قومی سطح پر اظہاریکجہتی کا فیصلہ کیا۔
فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے وزیرِاعظم کی میزبانی میں آل پارٹیز کانفرنس بلانے اور 7 اکتوبرکو ملک بھر میں اسرائیلی مظالم کا شکار مسلمان بہن بھائیوں سے یومِ یکجہتی منانے کا فیصلہ کیا گیا۔
یومِ یکجہتیِ فلسطین اور آل پارٹیز کانفرنس کیلئے کمیٹی کے قیام کی منظوری دے دی ہے جس میں نائب وزیرِاعظم اسحاق ڈار، شیری رحمان، خواجہ سعد رفیق اور نیئر بخاری شامل ہیں۔
ملاقات میں اتفاق کیا گیاکہ 7 اکتوبر کو ملک بھر میں اسرائیلی ظلم وستم کے خلاف اجتماعات و سیمینار ہوں گے، آل پارٹیز کانفرنس میں صدرمملکت اور وزیرِ اعظم شرکت کریں گے۔

اعلامیے کے مطابق بلاول بھٹو نے فلسطین و غزہ میں جاری ظلم وستم کے حوالے سے یوم یکجہتی پر بھرپور حمایت کا اعلان کیا، ملاقات میں جماعتِ اسلامی کے غزہ اور فلسطین کے حق میں یکجہتی کے مؤقف کی تعریف کی گئی۔
دوسری جانب بلاول بھٹو زرداری نے صدر اور وزیراعظم کی جانب سے فلسطین کے حوالے سے آل پارٹیزکانفرنس کی میزبانی کے فیصلے کا خیرمقدم کیا۔
انہوں نے کہا کہ غزہ میں قابض افواج کے سفاکانہ قتل عام کے ایک سال بعد جنگ کادائرہ لبنان تک پھیل چکا ہے، غزہ میں سفاکانہ قتل عام سےشروع جنگ کا پورے خطےکو اپنی لپیٹ میں لینے کا خطرہ ہے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں