گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا میں مشترکہ سیاحتی منصوبوں کی تجویز
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پیر کے روز اسلام آباد میں گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران موجودہ سیاسی صورتحال کے ساتھ ساتھ خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں سیاحت کے فروغ پر بھی بات کی گئی۔ اس موقع پر گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان قدرتی حسن اور تاریخی ورثے کے لحاظ سے دنیا بھر کے سیاحوں کے لیے بہترین مقامات ہیں، اور سیاحت کے فروغ سے نہ صرف ملکی معیشت کو فائدہ ہوگا بلکہ مقامی لوگوں کے روزگار میں بھی اضافہ ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں صوبوں کو مشترکہ سیاحتی منصوبوں اور سہولیات کی فراہمی کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے تاکہ سیاحت کی صنعت کو مزید وسعت دی جا سکے۔
گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے بھی سیاحت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان میں سیاحت کے بے پناہ مواقع موجود ہیں، جنہیں بروئے کار لانے کے لیے خیبر پختونخوا کے ساتھ تعاون ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے سمیت دیگر ائیرلائنز کو بھی گلگت بلتستان کے لئے فلائٹس شروع کرنی چاہیئں تاکہ سیاحت کو مزید فروغ حاصل ہو انہوں نے کہا کہ سیاحوں کے لیے انفراسٹرکچر اور سہولیات کی بہتری پر توجہ مرکوز کی جانی چاہیے تاکہ بین الاقوامی سیاحت کو بھی فروغ دیا جا سکے۔ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ملک کے سیاسی استحکام اور معاشی ترقی کے لیے تمام صوبوں اور علاقوں کو مشترکہ کوششیں کرنی چاہئیں۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں