وزیراعظم کی سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ سے ملاقات ،اسرائیل کے احتساب کا مطالبہ
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات کے دوران وزیراعظم شہبازشریف نے اسرائیل کے ہاتھوں فلسطینیوں کی نسل کشی کی شدید مذمت کی اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اسرائیل کا احتساب کرے۔ ملاقات میں وزیراعظم نے فوری اور غیر مشروط جنگ بندی کا مطالبہ بھی کیا۔
مقبوضہ جموں و کشمیر میں انڈین حکومت کی جارحانہ کارروائیوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیرِ اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جنوبی ایشیا میں دیرپا امن یقینی بنانے کے لیے تنازع کو حل کرنے کی ضرورت ہے۔
شہباز شریف نے سیکرٹری جنرل پر زور دیا کہ مسئلہ کشمیر سے متعلق سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمد اور کشمیریوں کے حق خودارادیت کو یقینی بنانے کے لیے اپنے اثرو رسوخ کا استعمال کریں۔
وزیر اعظم نے انتونیو گوتریس کی جانب سے’مستقبل کی سربراہی‘ کانفرنس کے انعقاد کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس کانفرنس کے نتائج سے ترقی پذیر ممالک کو سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ گولز اور موسمیاتی اہداف کے نفاذ کے لیے مالیاتی خلا اور نظام کو بہتر کرنے میں مدد ملے گی۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں