وزیرامور کشمیر امیر مقام سے شاہ غلام قادر کی ملاقات، مقبوضہ کشمیر میں ڈھونگ انتخابات مسترد
وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام سے مسلم لیگ (ن) آزاد جموں کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر کی قیادت میں وفد نےملاقات کی۔ وفد میں مسلم لیگ ن آزاد جموں و کشمیر کے نائب صدر ڈاکٹر نجیب نقی اور سردار طارق محمود شامل تھے۔ ملاقات کے دوران ،مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے ڈھونگ انتخابات ، آزاد جموں و کشمیر کی ترقی اور مجموعی سیاسی صورتحال سے متعلق باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ بھارت غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں جعلی انتخابات کروا رہا ہے جو اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے ۔ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی ،اخلاقی اور سفارتی حمایت سے کبھی بھی دستبردار نہیں ہو گا ۔ہم مقبوضہ کشمیر میں ڈھونگ الیکشن کو مسترد کرتے ہیں- انتخابات کی کوئی قانونی یا اخلاقی, یا آئینی بنیاد نہیں ہے۔

وفاقی وزیر امور کشمیر نے کہا کہ پاکستانی حکومت اور عوام کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان اور مسلم لیگ (ن) اس سلسلے میں اپنا فعال کردار ادا کرتے رہیں گے-ہم مقبوضہ کشمیر کی آزادی تک خاموش نہیں بیٹھیں گے آزاد جموں و کشمیر کی ترقی میں پہلے بھی مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف نے بہت بڑا کردار ادا کیا ہے اور ان کی زیر ہدایت وزیراعظم محمد شہباز شریف آزادکشمیر کی تعمیر وترقی کے لئے وافر فنڈز فراہم کر رہے ہیں ،مسلم لیگ ن آزادکشمیر میں اتحادی حکومت کا حصہ ہے انشاءاللہ کارکنوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا ۔
مسلم لیگ ن آزادکشمیر کے صدر شاہ غلام قادر نے اس موقع پر وفاقی وزیر کا شکریہ ادا کیا ۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام مقبوضہ کشمیر میں ہونے بھارتی فوج کی سنگینوں میں ہونے والے جعلی اور ڈھونگ انتخابی عمل سے بیزار ہیں اور اسے مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں ۔ کشمیریوں کے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں سبز ہلالی پرچم جب سربلند ہوتا ہے تو کشمیری عوام کے چہرے چمک اٹھتے ہیں اس رشتے کو بھارت کے منافقانہ اور دوغلے اقدامات کبھی ختم نہیں کر سکتے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں