دیامر کے گائوں میں خوفناک آتشزدگی ،80 مکانات جل کر خاکستر

ضلع دیامر کے دور افتادہ علاقے نیات گاؤں کے قریب مالڈوکس گاؤں میں خوفناک آگ لگنے کے باعث لکڑی سے بنے 80 سے زیادہ گھر جل کر خاکستر ہو گئے ۔

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے تاہم آگ کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی۔ آگ لگنے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہواتاہم سیکڑوں رہائشی آگ میں اپنا تمام سامان ضائع ہونے کے بعد کھلے آسمان تلے رات گزارنے پر مجبور ہوئے۔

جس علاقے میں مکانوں کو آگ لگی وہاں بجلی، سڑک اور مواصلات کا کوئی انتظام نہیں ۔

گاؤں میں 100 سے زیادہ گھر موجود ہیں جن میں سے زیادہ تر گھر لکڑی کے بنے ہوئے ہیں ، یہ گھر آگ کی لپیٹ میں آگئے جبکہ مکینوں نے بتایا کہ وہ رات بھر اپنے طور پر آگ بجھانے کی کوشش کرتے رہے۔

مقامی افراد کی آغا خان رورل سپورٹ پروگرام کی امدادی ٹیم کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کررہی ہے جس میں مقامی افراد امدادی کارکنوں کا شکریہ ادا کررہے ہیں ۔

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے بھی نقصان کا جائزہ لینے کے لیے ہفتہ کو جائے وقوعہ کا دورہ کیا، صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے آتشزدگی کو بڑا واقعہ قرار دیتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کے لیے معاوضے کا اعلان کیا۔

گلگت بلتستان حکومت کے ترجمان فیض اللہ فراق کے مطابق متاثرہ رہائشیوں کو بحالی کے لیےامداد دی جائے گی، وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر علاقے میں خیمے اور دیگر ضروری سامان بھیج دیا گیا ہے۔

 

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے