کشمیر پراپرٹی کی فروخت حق تلفی ہوگی : آزاد کشمیر حکومت کا وزیر اعظم شہباز شریف کو خط

آزاد جموں و کشمیر حکومت نے پاکستان میں موجود کشمیر پراپرٹی کے امور کے لئے قائم وفاقی کمیٹی میں مہاجرین اراکین اسمبلی کو شامل کرنے کے لئے وزیر اعظم شہبازشریف کو خط لکھ دیا۔

آزاد کشمیر کے وزیرٹرانسپورٹ جاوید بٹ نے وزیر اعظم شہبازشریف کے نام خط  میں مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان میں موجود کشمیر پراپرٹی کے استعمال اور دیگر امور کے لئے بنائی گئی وفاقی سطح کی کمیٹی میں آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے مہاجر ممبران کو بھی شامل کیا جائے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں مقیم جموں وکشمیر کے مہاجرین کے لئے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں مہاجرین کی 12 نشستیں مختص ہیں اور وزیرٹرانسپورٹ جاوید بٹ انہی نشستوں سے منتخب ہوکر اسمبلی ممبر بنے ہیں۔

جاوید بٹ کا کہنا تھا کہ  تین ستمبر کو وفاقی حکومت کی طرف سے ایک نوٹیفکیشن جاری ہوا ہے جس کے مطابق  پاکستان میں موجود کشمیر پراپرٹی کے استعمال اوردیگر امور سے متعلق وزیر امور کشمیر کی سربراہی میں سات رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے لیکن اس کمیٹی میں مہاجرین کے نمائندوں کو شامل نہیں کیا گیا ، جاوید بٹ نے کہا کہ کشمیر پراپرٹی کی فروخت سے پاکستان میں مقیم جموں وکشمیر کے مہاجرین کے حقوق متاثر ہوں گے ۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ کہ کشمیر پراپرٹی سے حاصل ہونے والی آمدن کو پاکستان میں مقیم کشمیری مہاجرین کی فلاح وبہبود کے لئے استعمال کیا جائے۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے