بنوں:سرکاری اراضی پر مبینہ قبضے کا کیس، جج ہمایوں دلاور کے وارنٹ جاری
بنوں میں سرکاری اراضی پر مبینہ قبضے کے کیس میں اسپیشل جج سینٹرل 2 اسلام آباد ہمایوں دلاورکے وارنٹ جاری کردیے گئے۔
جوڈیشل مجسٹریٹ عدالت بنوں میں ہمایوں دلاورسمیت 4 ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کیلئے درخواست دائر کی گئی۔کیس کے تفتیشی افسر اور پراسیکیوشن افسر ریکارڈ سمیت عدالت میں پیش ہوئے۔
جوڈیشل مجسٹریٹ محبوب الحسن نے ہمایوں دلاور سمیت 4 ملزمان کے وارنٹ گرفتاری کے احکامات جاری کردئیے۔ عدالت نے حکم دیاکہ ملزمان کی گرفتاری اور عدالت میں پیش ہونے تک وارنٹ مؤثر رہے گا۔
پولیس کے مطابق جج ہمایوں دلاورکے بھائی، والد اور رجسٹرار کے بھی وارنٹ جاری ہوئے ہیں۔
اس حوالے سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اینٹی کرپشن مصدق عباسی کا کہناتھاکہ 39 کنال کی سرکاری اراضی پر قبضہ کرنے پر اسپیشل جج ایف آئی اے اسلام آباد کورٹ ہمایوں دلاور، ان کے والد، بھائی اور چچا کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے کیونکہ انہوں نے بنوں میں ڈیڑھ ارب کی مالیت کی سرکاری اراضی پر قبضہ کر رکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملزمان نے جعلی اندراج کے ذریعے زمین اپنے نام کر کے نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں شامل کی جس سے حکومت کو کڑوروں روپے کا نقصان ہوا ہے
انہوں نے الزام عائد کیا کہ اینٹی کرپشن نے عدالت سے وارنٹ گرفتاری حاصل کرلیے، جج ہمایوں دلاور ہاوسنگ سوسائٹی کے چیف ایگزیکٹو ہیں۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں